• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ابرار کی انجری کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی، غفلت برتنے کا انکشاف

شائع January 7, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

دورہ آسٹریلیا کے دوران انجری کا شکار ہونے والے پاکستان کے اسٹار اسپنر ابرار احمد کی میڈیکل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسپنر نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے انجری کی نوعیت سنگین ہوگئی اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ابرار نے انجری سے نجات کے لیے ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ دورہ آسٹریلیا میں کوئی میچ نہیں کھیل سکے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اسپنر ’سیاٹیکا‘ Sciatica نامی درد میں مبتلا ہیں، یہ ایک ایسی طبی حالت جس میں ٹانگ میں درد اور جسم میں کمزوری محسوس ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابرار نے سب سے پہلے بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران اپنے دائیں کولہے میں درد کی شکایت کی تھی، جس کے بعد ان کا فوری طور پر ٹیسٹ کیا گیا جس کے بعد ان میں سیاٹیکا کی تشخیص ہوئی۔

طبی عملے نے اسپنر کے لیے انجری سے صحت یاب ہونے کے لیے ایک پلان تیار کیا جس میں انہیں مختلف ایکسرسائز اور ڈرل پر پابندی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 25 سالہ اسپنر نے ہدایات پر عمل نہیں کیا جس کے بعد ٹیم انتظامیہ نے ایک بار پھر اسپنر کو میڈیکل پینل کے احکامات پر عمل کرنے کی تاکید کی لیکن وہ ڈاکٹرز کی ہدایات کو مسلسل نظرانداز کرتے رہے۔

رپورٹ کے مطابق ابرار آسٹریلیا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف پریکٹس میچ کے دوران اسی وجہ سے زخمی ہو گئے اور پھر سیریز سے مکمل طور پر باہر ہو گئے۔

ابرار نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ پریکٹس میچ کے دوران کل 27 اوورز کرائے جہاں انہوں نے ایک وکٹ بھی حاصل کی، تیسرے دن کے اختتام پر انہوں نے اپنی دائیں ٹانگ میں کچھ تکلیف محسوس کرنے کی شکایت کی جس کے لیے ایم آر آئی کیا گیا تھا۔

کچھ دنوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی تھی کہ 25 سالہ کھلاڑی پہلے دو ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے لیکن سڈنی ٹیسٹ کے آغاز سے قبل ابرار کو آخری میچ سے بھی باہر کر دیا گیا تھا۔

ابرار اس وقت لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیب کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں کھیل سکیں گے جو آکلینڈ میں 12 جنوری سے شروع ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024