سابق حکمران اپنے عوام دشمن اقدامات کے باعث خوفزدہ ہیں، لیاقت بلوچ
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے امیدوار قومی اسمبلی کی 231 نشستوں پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیدوار ملک بھر میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں، جماعت اسلامی کا فلاحی منشور پاکستان کے عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہے، جماعت اسلامی کا واضح مؤقف ہے 8فروری کو انتخابات منعقد ہونے چاہئیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سابق حکمران عوام کا سامنا کرنے سےخوفزدہ نظر آرہے ہیں، برسر اقتدار پارٹیوں کے عوام دشمن اقدامات عوام سے رابطے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی جماعت انتخابی میدان میں نظر نہیں آرہی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے 278 نشستوں پر جب کہ خیبر پختونخوا سے 107 نشستوں پر ہمارے امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ میں 100 نشستوں پر جماعت اسلامی کے امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اس کے علاوہ بلوچستان سے 40 نشستوں پر پارٹی کے امیدوار انتخابی ڈور میں شامل ہیں۔