ایکس پر خبروں کی ہیڈلائن کو دوبارہ دکھانے کا آغاز
مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر خبروں کی ہیڈلائن کو دوبارہ دکھانے کا آغاز کردیا گیا۔
ایکس کے مالک ایلون مسک نے گزشتہ برس نومبر میں ہی عندیہ دیا تھا کہ خبروں کے ساتھ ہیڈلائنز کو دوبارہ دکھانا شروع کردیا جائے گا۔
اس سے قبل ایکس پراکتوبر 2023 کے آغاز میں خبروں یا دیگر مضامین کے لنکس شیئر کرتے وقت ہیڈلائنز کو چھپانے کا فیچر پیش کیا گیا تھا۔
تبدیلی کے بعد ٹوئٹر پر اکتوبر سے ڈیسک ٹاپ صارفین کسی بھی خبر یا مضمون کے لنک کے ساتھ ہیڈلائن دیکھنے سے محروم ہوگئے تھے، البتہ موبائل صارفین کو ہیڈلائن دکھائی دیتی رہی۔
اب ہر خبر یا مضمون کے ساتھ اس کی ہیڈلائن کو بھی دکھانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا لیکن اس میں ماضی کے مقابلے تبدیلی کی گئی ہے۔
ماضی میں خبر یا مضمون کی ہیڈلائن تصویر کے نیچے دکھائی دیتی تھی لیکن اب ہیڈلائن تصویر کے اندر ہائی لائیٹ لائین میں نظر آتی ہے۔
خبر یا مضمون کی تصویر کے نیچے اب ویب سائٹ کا یو آر ایل ایڈریس نظر آتا ہے جب کہ تصویر کے اوپر ہائی لائیٹ لائینز میں ہیڈ لائن دکھائی جاتی ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ خبروں اور مضامین کی ہیڈلائن چھپانے کا سلسلہ کیوں شروع کیا گیا تھا، تاہم اس پر صارفین نے برہمی کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد اب دوبارہ ہیڈلائنز کو دکھانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔