• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

آخری ٹیسٹ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر کی ’گرین کیپ‘ مل گئی

شائع January 5, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

آخری ٹیسٹ کھیلنے والے آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کی بیگی گرین کیپ مل گئی، وارنر نے اپنے سوشل میڈیا پر ویڈیو شئیر کرتے ہوئے مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

2 جنوری کو تجربہ کار آسٹریلوی اوپننگ بلے باز نے ویڈیو جاری کرتےہوئے کہا تھا کہ ان کی گرین کیپ سڈنی میں چوری ہوگئی ہے۔

ایکس پر جاری ویڈیو میں ڈیوڈ وارنر نے کہا تھا کہ میرا بیگ چوری ہو گیا ہے جس میں میری بیٹیوں کے لیے تحائف اور میری کیپ تھی، جس کے پاس بھی میرا بیگ ہے، وہ میری کیپ لوٹا دیں، بیگ رکھ لیں۔

واضح رہے کہ بیگی گرین کیپ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے تمام آسٹریلوی کھلاڑی پہنتے ہیں اور اسے ایک خاص مقام حاصل ہے۔

اس ویڈیو کے تین روز بعد ایک اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے مداحوں کو بتایا کہ ان کی کیپ انہیں واپس مل گئی ہے۔

بلے باز کا کہنا تھا کہ بیگی کیپ واپس ملنے پر وہ بہت خوش اور اطمینان محسوس کررہے ہیں۔

انہوں نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی کیپ ڈھونڈنے میں ان کی مدد کی۔

تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی بیگی گرین کیپ کہاں اور کیسے واپس ملی۔

واضح رہے کہ جنوری کے اوائل میں ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے اختتام کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں یقینی طور پر ایک روزہ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو رہا ہوں، بھارت میں ورلڈ کپ جیتنا، بہت بڑی کامیابی ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ چیمپئنز ٹرافی آنے والی ہے، اگر آئندہ دو برسوں کے دوران میں اچھی کرکٹ کھیلتا رہا اور انہیں ٹیم کے لیے کسی بلے باز کی ضرورت ہوئی تو میں دستیاب ہوں گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024