لیول پلیئنگ فیلڈ کیس: پی ٹی آئی نے اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کروادیے
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے ذرائع نے کہا ہے کہ ان کے وکلا نے انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے پر اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کروادیے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اضافی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 668 ٹاپ لیڈر شپ کے کاغذات مسترد ہونے کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کردیا ہے، پی ٹی آئی کے 2 ہزار کے قریب حمایت یافتہ اور سیکنڈ فیز کے رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کیے گئے جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی چھیننے کے 216 واقعات پیش آئے ہیں۔
اس کے علاوہ اضافی دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے تجویز و تائید کنندگان کی گرفتاریاں کی گئی، پی ٹی آئی ویڈیو ثبوت بھی سپریم کورٹ میں دوران سماعت پیش کرے گی۔
انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے پر پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت شروع ہوگئی ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کررہا ہے، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ میں شامل ہیں۔