آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی گرین کیپ چوری
الوداعی ٹیسٹ سے قبل تجربہ کار آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر کی گرین کیپ سڈنی میں چوری ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میرا بیگ چوری ہو گیا ہے جس میں میری بیٹیوں کے لیے تحائف اور میری کیپ تھی۔
آسٹریلوی اوپنر نے کیپ لوٹانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جس کے پاس بھی میرا بیگ ہے، وہ میری کیپ لوٹا دیں، بیگ رکھ لیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے اختتام کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں یقینی طور پر ایک روزہ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو رہا ہوں، بھارت میں ورلڈ کپ جیتنا، بہت بڑی کامیابی ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ چیمپئنز ٹرافی آنے والی ہے، اگر آئندہ دو برسوں کے دوران میں اچھی کرکٹ کھیلتا رہا اور انہیں ٹیم کے لیے کسی بلے باز کی ضرورت ہوئی تو میں دستیاب ہوں گا۔