• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

گوجرانوالہ: 9 مئی کیس،51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم

شائع January 1, 2024
اے ٹی سی عدالت نے زیر دفعہ 88 کے تحت جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا —فائل فوٹو: اے ایف پی
اے ٹی سی عدالت نے زیر دفعہ 88 کے تحت جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا —فائل فوٹو: اے ایف پی

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمے میں مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب اور علی امین گنڈاپور سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 51 رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم سنا دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق جن ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ان میں مراد سعید ، حماد اظہر، فرخ حبیب، عمر ایوب ، علی امین گنڈا پور ، زرتاج گل، زبیر نیازی ، جنرل (ر) اکرم ساہی ، شوکت بھٹی، گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی امیدواران احمد چٹھہ ، بلال اعجاز اور ظفر اللہ چیمہ سمیت میاں طارق ، رانا ساجد شوکت، لالہ اسد اللہ پاپا کے نام شامل ہیں۔

اے ٹی سی عدالت نے زیر دفعہ 88 کے تحت جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا، مقدے میں ملوث 51 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی جاری ہے، عدالتی حکم پر ملزمان کے گھروں اور شہر کے اہم مقامات پر اشتہار آویزاں کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بے امنی دیکھی گئی تھی۔

9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے گئے تھے، اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

21 دسمبر 2023 کو انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمے میں مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب اور علی امین گنڈاپور سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 51 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 13 ست،بر کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بھی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر سمیت 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024