• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ڈیوڈ وارنر کا ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع January 1, 2024
ڈریوڈ وارنر نے ون ڈے کیریئر میں 22 سنچریوں کے ساتھ 45.30 کی اوسط سے 6932 رنز بنائے—فوٹو: کرک انفو
ڈریوڈ وارنر نے ون ڈے کیریئر میں 22 سنچریوں کے ساتھ 45.30 کی اوسط سے 6932 رنز بنائے—فوٹو: کرک انفو

تجربہ کار آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے اختتام کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یقینی طور پر ایک روزہ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو رہا ہوں، یہ بات میں ورلڈ کپ کے دوران بھی کہہ چکا ہوں، بھارت میں ورلڈ کپ جیتنا، بہت بڑی کامیابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج ان فارمیٹس سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر رہا ہوں، اس سے مجھے دنیا بھر میں دیگر لیگز کھیلنے کا موقع ملے گا۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ چیمپئنز ٹرافی آنے والی ہے، اگر آئندہ دو برسوں کے دوران میں اچھی کرکٹ کھیلتا رہا اور انہیں ٹیم کے لیے کسی بلے باز کی ضرورت ہوئی تو میں دستیاب ہوں گا۔

احمد آباد میں بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کا فائنل ان کا آخری ون ڈے تھا، انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر میں 22 سنچریوں کے ساتھ 45.30 کی اوسط سے 6932 رنز بنائے۔

وہ ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے چھٹے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں اور رکی پونٹنگ کے بعد سنچریوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

3 سے 7 جنوری تک سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والا میچ ڈریوڈ وارنر کا آخری ٹیسٹ ہوگا، آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے تقریباً گزشتہ تین دہائی سے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا اور 1999 سے اب تک آسٹریلین سرزمین پر کھیلی جانے والی تمام سیریز میں پاکستان کو میزبان کے ہاتھوں کلین سوئپ شکستوں کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کوئی میچ ڈرا تک کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 360 رنز اور میلبورن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 79 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کی۔

پاکستانی ٹیم کو شان مسعود لیڈ کریں گے جبکہ آسٹریلوی ٹیم پیٹ کمنز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024