لاہور: سال نو پر فیملیز کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اسپیشل لیڈی وارڈنز اسکواڈ تیار
لاہور میں نیو ایئر نائٹ پر فیملیز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے لیڈی وارڈنز کا اسپیشل اسکواڈ تیار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں پر لیڈی ٹریفک وارڈنز تعینات بھی کردی گئی ہیں۔
لاہور میں سال نو کی رات موٹر سائیکل سوار لیڈی ٹریفک وارڈنز مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ پر گشت کریں گی۔
چیف ٹریفک افسر عمارہ اطہر نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی خواتین اہلکاروں کو ہیوی بائیکس چلانے کی تربیت دی گئی ہے جبکہ 1600 سے زائد لیڈی وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولنگ اسکواڈ اہم شاہراہوں پر رات گئے تک گشت کرے گا اور ون وہیلرز کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب لاہور میں نیو ایئر نائٹ پر ہلڑ بازی روکنے کے لیے لاہور سیف سٹیز اتھارٹی نے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ورچوئل پیٹرولنگ افسر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کی نشاندہی کریں گے اور لاہورپولیس کی معاونت سے ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
واضح رہے کہ تمام صوبائی حکومتوں نے سال نو کی رات کو ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کو روکنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں اور مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔