آرمی چیف نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، ہاشم ڈوگر

شائع December 30, 2023
ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے قومی سطح پر کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے—فوٹو: ڈان نیوز
ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے قومی سطح پر کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے—فوٹو: ڈان نیوز

کسانوں کے چیف کوآرڈینیٹر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اسلام آباد میں کسان اتحاد کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اس وقت کھاد کے مسائل کا سامنا ہے، کسانوں کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔

اہوں نے کہا کہ کل جناح کنونشن سینٹر میں تاریخی کسان کنونشن ہوا، آرمی چیف نے کنونشن میں شرکت کرکے کسانوں کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کے خطاب سے ہم بڑے مطمئن ہیں، ہم پرامید ہیں کہ کسانوں کے مسائل حل ہوں گے، سب سے بڑا مسئلہ کھاد کی دستیابی کا ہے، کسانوں کو کھاد ایسے ملتی ہے جیسے بھیک ملتی ہے، کھاد کے مسئلے کا نوٹس لیا گیا ہے، امید ہے یہ مسئلہ حل ہوگا۔

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ کھاد اس ملک میں پوری ہے لیکن بلیک مارکیٹنگ کی جارہی ہے، کھاد جائز ریٹ پر دی جائے، اس پر سبسڈی کی ضرورت نہیں، پانی، بیج اور ریسرچ کے بھی مسائل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو اووبلنگ کے بھی مسائل ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے اوور بلنگ کی گئی ہے، بجلی کی کمپنیاں کسانوں پر مقدمات درج کروا رہی ہیں۔

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے قومی سطح پر کمیٹی بنانے کا اعلان کیا، ہم امید کرتے ہیں کمیٹی کسانوں کے مسائل حل کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025