• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am

مسیحی برادری کے تہوار پر ’کرسمس ٹری‘ سجانے پر ماورا حسین کو تنقید کا سامنا

شائع December 27, 2023
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری ہر سال 25 دسمبر کو ’کرسمس‘ مناتی ہے، اسی دن کی مناسبت سے پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی مسیحی عوام کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی، مسیحی برادری کا تہوار منانے پر بعض اداکاروں کو مداحوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

پاکستان میں 25 دسمبر کو جہاں ’کرسمس‘ کا دن منایا جاتا ہے، وہیں اسی دن بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ بھی منائی جاتی ہے۔

’کرسمس‘ کے موقع پر جہاں سیاسی و سماجی شخصیات نے قوم کو مبارک باد پیش کی، وہیں شوبز اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ افراد نے بھی مداحوں کو مبارک باد پیش کی۔

اداکارہ ماورا حسین نے کرسمس کے موقع پر انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کی، ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اداکارہ کرسمس ٹری سجا رہی ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مسیحی برادری کو قومی جھنڈے کے سفید رنگ سے تشبیح بھی دی اور ساتھ میں Minority matters اور کرسمس کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اسی پوسٹ پر ایک مداح نے اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کرسمس ٹری کو سجانا اور مسیحی عوام کو اس دن کی مبارک باد پیش کرنے کا مطلب ہے کہ آپ کرسمس کے بارے میں ان کے عقائد کو بھی مانتے ہیں، کوئی مسلمان دوسرے مذاہب کے مذہبی اعمال کی پیروی نہیں کرسکتا، ہمیں یہ سمجھنا ضروری ہے۔

مداح کے تبصرے پر ماورا حسین نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ عقیدہ آپ کے دل میں ہوتا ہے کرسمس ٹری میں نہیں، پلیز اس بارے میں تھوڑا علم حاصل کرلیں۔

اداکارہ نے کہا کہ جو کام انہوں نے کیا ہے اس سے اقلیتوں کو ساتھ شامل کرنے کا احساس ہوتا ہے، اگر آپ نہیں کرنا چاہتے تو مجھے کرنے دیں، شکریہ۔

ماورا حسین نے یہ بھی لکھا کہ ان کے کئی غیر مسلم دوست ہیں جو ان کے مذہب کا احترام کرتے ہیں، تو پھر اگر وہ انہیں کرسمس کی مبارک باد دیں گی تو ایسا کرنے سے ان کے عقیدے کو کیسے نقصان پہنچ سکتا ہے؟

صرف ماورا حسین ہی نہیں بلکہ دیگر اداکاروں نے کرسمس ڈے بھرپور طریقے سے منایا اور مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کی، سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے ایکس پر مسیحی برادری کو ان کے سب سے بڑے دن کی مبارک باد پیش کی۔

اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے بھی کرسمس ٹری اور شوہر کے ہمراہ اپنی تصاویر شیئر کیں اور اس تہوار کو بھرپور انداز میں منایا۔

کنزہ ہاشمی، سجل علی اور دیگر اداکاروں نے ایک ساتھ کرسمس کی تقریب میں شرکت اور مسیحی برادری کو یاد رکھتے انہیں اس تہوار کی مبارک باد پیش کی۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024