• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

آسٹریلوی کپتان کی غزہ کے حوالے سے عثمان خواجہ کے ’مؤقف‘ کی حمایت

شائع December 25, 2023
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے غزہ کے حوالے سے عثمان خواجہ کے نکتہ نظر کی حمایت کردی—فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے غزہ کے حوالے سے عثمان خواجہ کے نکتہ نظر کی حمایت کردی—فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے اسٹار بلے باز عثمان خواجہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران پر توجہ دلانے کی ان کی کوشش ’جارحانہ نہیں‘ تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق ٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عثمان خواجہ کو پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران اپنے بلے اور جوتوں پرایسا اسٹیکر لگانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا جس پر کالے رنگ کی فاختہ کو زیتون کی شاخ پکڑے ہوئے دکھایا گیا۔

اتوار کو میلبورن میں ٹریننگ کے دوران پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر کے بلے اور جوتوں پر ایک اسٹیکر چسپاں دیکھا گیا جس پر ایک سیاہ فاختہ اور 01 کے الفاظ تحریر تھے، یہ الفاظ انسانی حقوق کے عالمی ڈیکلئیریشن (یو ڈی ایچ آر) کے آرٹیکل ون کا حوالہ ہیں۔

پیٹ کمنز نے میلبورن ٹیسٹ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ ہم ازی(عثمان خواجہ) کی بھر پور حمایت کرتے ہیں، وہ اس بات کے لیے کھڑا ہے جس پر یقین رکھتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اس نے بہت وقار کے ساتھ اس کا اظہار کیا ہے۔

آسٹریلوی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ جیسا کہ میں نے گزشتہ ہفتے بھی کہا کہ تمام انسان برابر ہیں’، مجھے نہیں لگتا کہ یہ کہنا کوئی بہت ناگوار ہے اور فاختہ کے بارے میں بھی ایسا ہی کہوں گا۔

پیٹ کمنز نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ عثمان خواجہ نے جس طرح سے اس کے بارے میں رویہ اپنایا، وہ اس پر اپنا سر فخر سے بلند سے رکھ سکتے ہیں۔

آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ظاہر ہے کہ اس بارے میں قوانین موجود ہیں، میری معلومات کے مطابق آئی سی سی نے کہا ہے کہ وہ اس کی منظوری نہیں دیں گے، وہ اصول بناتے ہیں اور آپ کو اس حقیقت کو قبول کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ اسٹار بلے باز نے حالیہ چند روز کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے حکام کے ساتھ متعدد میٹنگ کیں، ان ملاقاتوں کا مقصد ایسا پیغام تلاش کرنا تھا جو دوسرے ٹیسٹ کے دوران استعمال کے لیے موزوں ہو۔

لیکن دی آسٹریلین اور میلبورن ایج اخبارات نے رپورٹ کیا کہ ان کی جانب سے استعمال کردہ تازہ ترین انسانی حقوق سے متعلق اسٹیکرز کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ کمیٹی نے مسترد کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) فوری طور پر معاملے پر رد عمل دینے کے لیے دستیاب نہیں تھا۔

یاد رہے اس سے قبل پاکستان کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سیاہ پٹی باندھ کر میچ میں شرکت کرنے آسٹریلین اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی۔

اسرائیل میں غزہ کے مسلمانوں پر جاری وحشیانہ بمباری اور مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے عثمان خواجہ نے پرتھ میں سیاہ پٹی باندھ کر ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق عثمان خواجہ نے آئی سی سی قوانین کے خلاف ورزی کی تھی اور انہوں نے اپنے کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی سے سیاہ پٹی باندھنے کی اجازت نہیں لی تھی۔

عثمان خواجہ کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق ایف کا مرتکب قرار دیا گیا اور ان کے اس عمل پر ان کی سرزنش کی گئی۔

اس سے قبل عثمان خواجہ نے پریکٹس سیشن کے دوران فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے لیے خصوصی جوتے پہن کر شرکت کی تھی جس پر ’آزادی انسانی حق ہے‘ اور ’تمام انسانی جانیں برابر ہیں‘ جیسے نعرے درج تھے۔

تاہم کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی نے ان کے اس اقدام پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024