پشاور: منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے آپریشن ’دا حق آواز‘ کا آغاز
انسدادِ منشیات کے ادارے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پشاور میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے آپریشن کا آغاز کر دیا۔
ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آپریشن ’دا حق آواز‘ بحالی مرکز پشاور کے تعاون سے کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق آپریشن حیات آباد، کارخانوں مارکیٹ اور انڈسٹریل ایریا میں کیا گیا، جس دوران ابتدائی طور پر منشیات کے عادی 26 افراد کو ’دا حق آواز‘ بحالی مرکز پشاور منتقل کیا گیا۔
متاثرہ افراد کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کپڑے، کھانا اور بستر فراہم کیے گئے، جبکہ منشیات کی لت کا تعین کرنے کے لیے ان افراد کی بلڈ اسکریننگ کی گئی۔
مزید براں، ان افراد کو بحالی کے عمل کے دوران بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کے خاندانوں کی تلاش کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔