اسلام آباد میں مظاہرین پر لاٹھی چارج سے ثابت ہوگیا یہ کیئر ٹیکر نہیں انڈر ٹیکر حکومت ہے، اختر مینگل
بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مظاہرین پر لاٹھی چارج سے ثابت ہوگیا یہ کیئر ٹیکر نہیں انڈر ٹیکر حکومت ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ اسلام آباد میں مظاہرین پر لاٹھی چارج اور تشدد زیادتی ہے، ثابت ہوگیا یہ کیئر ٹیکر نہیں انڈر ٹیکر حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کام صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، سابق حکومت میں رہتے ہوئے بلوچستان مسئلے پر مذاکرات کا مشورہ دیتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ لاپتا افراد کی بازیابی سے مشروط ہے، یہ مسئلہ ایک جماعت یا فرد کا نہیں پورے بلوچستان کا مسئلہ ہے۔
اختر مینگل نے کہا کہ گورنر بلوچستان کو فوری اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے، گورنر مسئلہ حل نہیں کرا سکتے تو صدر کو استعفیٰ بھیج دیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان کو صدر اور وزیراعظم کو مراسلہ لکھنے کی ہدایت کی ہے، وہ اسلام آباد میں صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں اور اس مسئلے پر بات کریں۔