رہنما پی ٹی آئی عمیر نیازی سے کاغذات نامزدگی چھیننے کا معاملہ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے رپورٹ طلب
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عمیر خان نیازی کے کاغذات نامزدگی چھیننے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو آج ہی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے بیرسٹر لامیہ نیازی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں الیکشن کمیشن، انسپیکٹر جنرل (آئی جی)، ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) میانوالی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عمیر خان نیازی میانوالی کے حلقے سے الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں، گزشتہ روز میانوالی پولیس نے عمیر خان نیازی کے کاغذات نامزدگی چھین لیے، کاغذات نامزدگی عمیر خان نیازی کو الیکشن لڑنے سے روکنے کے لیے چھینے گئے ہیں، عام انتخابات میں حصہ لینے کا ہر شہری کو آئینی حق حاصل ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عمیر خان نیازی کے کاغذات نامزدگی کی بازیابی کا حکم دیتے ہوئے ڈی پی او میانوالی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے درخواست کی مخالفت کردی، ان کا کہنا تھا کہ درخواست حقائق کے برعکس دائر کی گئی ہے۔
عدالت نے کہا کہ آپ چیک کریں کہ کاغذات نامزدگی چھیننے کا واقعہ ہوا ہے یا نہیں، سماعت کل کے لیے ملتوی کرنا ہے یا نہیں فیصلہ بعد میں کریں گے، اگر کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں تو بہت غلط ہے، الیکشن میں حصہ لینے کا سب کو حق ہے۔