• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

ایک ہی سال میں شاہ رخ خان کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ ریلیز

شائع December 21, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان کی ایک ہی سال میں تیسری فلم ’ڈنکی‘ کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم پہلے ہی دن 40 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جائے گی۔

رواں برس شاہ رخ خان کی یہ تیسری فلم ہے اور پہلی بار وہ فلم ساز راج کمار ہیرانی کے ہمراہ ’ڈنکی‘ میں کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اس سال شاہ رخ خان کی پہلی فلم ’پٹھان‘ کو 25 جنوری، ان کی دوسری فلم ’جوان‘ کو 7 ستمبر جب کہ اب تیسری فلم ’ڈنکی‘ کو 21 دسمبر کو ریلیز کردیا گیا۔

حیران کن طور پر شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ نے کمائی کے نئے ریکارڈز بناتے ہوئے بولی وڈ کی تمام فلموں کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا تھا اور اس وقت اس کی کمائی 644 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔

اگرچہ کمائی کے حوالے سے دوسرے نمبر پر شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ تھی لیکن رواں ماہ دسمبر کے شرو ع میں ریلیز ہونے والی رنبیر کپور اور بوبی دیول کی فلم ’اینیمل‘ نے ریکارڈ کمائی کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

اس وقت شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کمائی کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے اور اب خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ان کی فلم ’ڈنکی‘ کمائی کے نئے ریکارڈز بنائے گی لیکن اب تک کی اطلاعات کے مطابق فلم کا پہلا دن کمائی کے حوالے سے زیادہ بہتر نہیں رہا۔

شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ ’ڈنکی‘ ریلیز کے پہلے ہی دن یعنی 21 دسمبر کو زیادہ سے زیادہ 40 کروڑ روپے کمائی گی جو کہ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کی پہلے دن کی کمائی کا نصف ہے۔

شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ نے پہلے دن 75 کروڑ روپے جب کہ ’پٹھان‘ نے پہلے دن 57 کروڑ اور رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ نے پہلے دن 63 کروڑ روپے کمائے تھے۔

’ڈنکی‘ کی کہانی پانچ دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو بھارت سے پیسے کمانے کی غرض سے لندن منتقل ہونا چاہتے ہیں اور وہ کسی نہ کسی طرح اپنی کوششوں میں کامیاب بھی ہوجاتے ہیں۔

فلم کی ہدایات راج کمار ہیرانی نے دی ہیں اور انہوں نے ہی اس کی کہانی لکھی ہے جب کہ وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں، شاہ رخ خان کے ہمراہ انہوں نے پہلی بار کام کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024