• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

گوجرانوالہ: 9 مئی کینٹ پر حملہ کیس، پی ٹی آئی کے 51 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

شائع December 21, 2023
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمے میں مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب اور علی امین گنڈاپور سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 51 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جن رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں، ان میں مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب، علی امین گنڈا پور، عمر ایوب، زبیر نیازی، زرتاج گل، میجر جنرل (ر) اکرم ساہی، گوجرانوالہ سے امیدوار بلال اعجاز ، چوہدری ظفر اللہ چیمہ، رانا ساجد شوکت، سابق ایم این اے شوکت بھٹی، احمد چٹھہ اور عثمان سعید بسرا کے بھی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔

پولیس نے درخواست کی کہ ملزمان مقدمہ میں نامزد ملزم ہیں اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے مزید کارروائی کے لیے 23 دسمبر کو رپورٹ طلب کر لی۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بے امنی دیکھی گئی تھی۔

9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے گئے تھے۔ اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا تھا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بھی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر سمیت 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024