بھارت داؤد ابراہیم کے حوالے سے من گھڑت پروپیگنڈا کر رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت داؤد ابراہیم کے حوالے سے من گھڑت پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارت کو انتہائی مطلوب داؤد ابراہیم کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ کچھ اداروں نے کہا تھا کہ وہ انتقال کرچکے ہیں۔
ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران یہ ریمارکس دیے اور کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کے حوالے سے الزام تراشی اور جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے سکھ یاتریوں کو ویزےجاری کیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے امیر کویت کے انتقال پر تعزیت کے لیے کویت کا دورہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی اس حوالے سے بات چیت کر رہا ہے، پاکستان کئی ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے پر کام کررہا ہے۔
’افغان عبوری حکومت پاکستان مخالف دہشت گروں کے خلاف کارروائی کرے‘
ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے پاکستان کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہے، افغان عبوری حکومت پاکستان مخالف دہشت گروں کے خلاف کارروائی کرے
انہوں نے کہا کہ پاکستان کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کر رہا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرکاری دورے پر امریکا میں ہیں، آرمی چیف نے دفاعی معاملات کے فروغ بارے بات چیت کی، ان کی اہم ملاقاتیں امریکی حکام سے ہوئیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان کو فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک اخلاقی حمایت جاری رکھےگا، خطوط میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات سےآگاہ کیا۔