جعلی پی ایچ ڈی ڈگری کیس: سابق چیئرمین ڈریپ شیخ اختر گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی پی ایچ ڈی ڈگری کیس میں سابق چیئرمین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) شیخ اختر کو اسلام آباد میں گرفتار کر لیا گیا۔
ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے شیخ اختر کو ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتار کیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے سابق چیئرمین شیخ اختر کے خلاف انکوائری شیڈول تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی پی ایچ ڈی کی ڈگری جعلی ہے، جس پر ایف آئی اے اور دیگر اداروں نے تحقیقات کیں، تو مبینہ طور پر ڈگری جعلی پائی گی۔
ان کے خلاف گزشتہ ماہ مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم وہ ضمانت پر تھے، آج ان کی سیشن جج سینٹرل کی عدالت سے ضمانت منسوخ ہوئی تو ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے ان کو گرفتار کر لیا، ان سے مزید تفتیش جاری ہے کہ انہوں نے سری لنکا سے کس طرح ڈگری حاصل کی تھی۔