• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • ISB: Asr 3:29pm Maghrib 5:07pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • ISB: Asr 3:29pm Maghrib 5:07pm

کرن اشفاق کے دوسری شادی اور سابق شوہرعمران اشرف سے متعلق انکشافات

شائع December 18, 2023
فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

ماڈل اور اداکارہ کرن اشفاق نے اداکار عمران اشرف سے پہلی شادی کے دوران ہونے والے مسائل پر پہلی بار تفصیلی گفتگو کرتے انکشاف کیا کہ 5 سال کے دوران انہیں کسی عوامی تقریب میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں تھی، میں عمران اشرف کو بہت پہلے چھوڑ دیتی لیکن امی نے کہا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے برداشت کرو، دوسری شادی کا ارادہ نہیں تھا۔

کرن اشفاق نے 4 دسمبر کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کی تھی۔

اس سے قبل کرن اشفاق نے 2018 میں اداکار عمران اشرف سے شادی کی تھی، ان کے ہاں 2020 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان نومبر 2022 میں طلاق ہوگئی تھی۔

دونوں نے سوشل میڈیا پر طلاق کی تصدیق کی تھی لیکن طلاق کی وجہ نہیں بتائی تھی اور بعد ازاں بھی دونوں نے کبھی اپنی شادی ختم ہونے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔

حال میں ہی کرن اشفاق نے ٹک ٹاکر کنول آفتاب کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اداکارہ نے سابق شوہر اداکار عمران اشرف سے پہلی شادی کے دوران ہونے والے مسائل اور دوسری شادی سے متعلق پہلی بار تفصیلی گفتگو کی۔

ماڈل اور اداکارہ کرن اشفاق نے کہا کہ وہ اب بھی ماڈلنگ کررہی ہیں لیکن بیٹے کی وجہ سے ٹی وی ڈراموں سے ابھی بریک لیا ہوا ہے۔

انہوں نے اپنے شوہر حمزہ علی کے بارے میں بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے لیکن کراچی میں کام کرتے ہیں، ’اب میرے دو گھر ہیں، لاہور میں میری ساس ہیں اور کراچی میں میرا بیٹا ہے، اپنے شوہر سے زیادہ ساس سے باتیں کرنے میں مزا آتا ہے، میری ساس بہت اچھی ہیں۔‘

ساس کی تعریف کرتے ہوئے کرن اشفاق آبدیدہ ہوگئیں، انہوں نے کہا کہ ’یہ خوشی کے آنسو ہیں، مجھے توقع نہیں تھی کہ میری ساس اتنی اچھی ہوں گی، یہ بہت بڑی رحمت ہے، عام طور پر ساس اچھی نہیں ہوتیں، کہتے ہیں کہ بہوئیں بھی بیٹیاں تب ہی بنتی ہیں جب ساس ماں بنتی ہے۔‘

کرن اشفاق نے مزید کہا کہ ’گزشتہ 5 سال سے میرے والدین کو سکون کی نیند نہیں آئی، حمزہ علی سے شادی کرنے کے بعد میرے والدین کو ذہنی سکون ملا ہے، اس کے لیے میں اپنے شوہر حمزہ اور ان کی فیملی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔‘

اس دوران کرن اشفاق نے اداکار عمران اشرف سے علیحدگی سے متعلق بھی گفتگو کی، انہوں نے عمران اشرف کا نام لیے بغیر ان سے شادی کے دوران ہونے والے مسائل پر بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ ان 5 سالوں کے دوران عمران اشرف نے انہیں سپورٹ نہیں کیا، اس کے علاوہ بھی کئی مسائل چل رہے تھے جو میں اپنی والدہ سے شئیر کرتی تھی۔

’عمران اشرف سے شادی کے وقت کئی مسائل چل رہے تھے، امی میرے مسائل ابو کو نہیں بتاتی تھیں، لیکن جس دن میری طلاق ہوئی اس کے اگلے 5 روز تک ابو ملائیشیا کے ہسپتال میں داخل تھے، میری ہمت نہیں تھی کہ اپنے مسائل کے بارے میں دونوں بھائیوں سے بات کرسکوں۔‘

کرن اشفاق نے کہا کہ ’پاکستان میں طلاق صرف لڑکی کی ہوتی ہے، لڑکے کی طلاق نہیں ہوتی، لڑکے سے کوئی کچھ نہیں پوچھتا، عمران اشرف سے علیحدگی کے بعد اب بھی مجھ سے لوگ کمنٹس میں پوچھتے ہیں کہ کیوں چھوڑا، آپ سامنے والے سے کیوں نہیں پوچھتے کہ آپ نے کیوں چھوڑا؟۔‘

اداکارہ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں جانا چاہتیں کیونکہ پھر لوگ کہتے ہیں کہ ’میں اتنے سال چپ رہی پہلے ہی چھوڑ دیتی۔‘ کرن اشفاق نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’پہلے میری والدہ نہیں چھوڑنے دیتی تھیں، امی کہتی تھیں کہ کچھ بھی ہوجائے برداشت کرو، گھر بسانا ہے، دو بڑی بہنیں بھی ہیں۔‘

اس دوران کرن اشفاق کے آنکھوں میں آنسو آگئے اور انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ ’جب طلاق ہوتی ہے تو صرف لڑکی کی طلاق نہیں ہوتی، مجھے لگتا ہے جب مجھے طلاق ہوئی تو اس کے ساتھ میرے دونوں بھائیوں کو طلاق ملی، دونوں بہنوں، امی اور ابو کو بھی طلاق ملی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میری بہنیں شادی شدہ تھیں، میری طلاق کے بعد ان کے سسرال والوں نے بھی باتیں کیں۔‘

اداکارہ نے بتایا کہ ’عمران اشرف سے شادی کے وقت امی کہتی تھیں برداشت کرو کیونکہ جب میری طلاق ہوگی تو یہ خبر دو خاندانوں تک نہیں بلکہ نیشنل نیوز بن جائے گی اور ایسا ہی ہوا۔‘

کرن اشفاق نے الزام لگایا کہ پہلی شادی کے 5 سال کے دوران کسی بھی شادی اور سالگرہ کی تقریب یا انٹرویوز میں جانے سے منع کردیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’میری طلاق اکتوبر میں نہیں بلکہ زبانی طور پر بہت پہلے ہوچکی تھی، اکتوبر میں صرف طلاق کے کاغذات مکمل کرنے تھے‘، اداکارہ نے بتایا کہ ’میری طلاق فیملی کورٹ کے ذریعے ہوئی تھی، عمران اشرف نے خود مجھے طلاق دی تھی، میں خلا کے حق میں نہیں تھی کیونکہ والدہ نے کہا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے برداشت کرو، اس لیے میری عدت نہیں بنتی تھی، زیادہ کھل کر نہیں بولنا چاہوں گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ میری طلاق اگست کے آخر میں ہوئی تھی اور اکتوبر میں سوشل میڈیا پر اسٹیٹس لگا دیا تھا کہ ہم دونوں کی علیحدگی ہوچکی ہے۔

دوسری شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’طلاق کے بعد سوچ لیا تھا کہ شادی نہیں کرنی، ملائیشیا جانے کے بعد ابو نے میرا رشتہ ڈھونڈھنا شروع کردیا، دوسری شادی نہ کرنے کے لیے ابو سے بہت بحث کی، میرا موقف تھا کہ بیٹا جب تک 10 سال کا نہیں ہوتا دوسری شادی نہیں کروں گی، کیونکہ اس وقت میری ذہنی حالت بہت خراب تھی، دماغی دورے پڑنا شروع ہوگئے تھے۔

کرن اشفاق نے کہا کہ ’والد کو نمازوں میں روتا دیکھ کر میں شادی کے لیے راضی ہوگئی لیکن میری شرط تھی کہ جس سے بھی شادی ہو اس کا تعلق کراچی سے ہو کیونکہ میں اپنے بیٹے کے بغیر نہیں رہ سکتی، میرے بیٹے نے دو سال کی عمر سے اپنے والدین کو ایک ساتھ نہیں دیکھا۔‘

اداکارہ نے دوسری شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’شادی والے دن مجھے اور حمزہ کو ایک دوسرے کو جانتے ہوئے ایک ماہ 10 دن ہوگئے تھے، ابو نے حمزہ کا رشتہ دکھایا اور میں نے حمزہ سے بات کی۔‘

کرن اشفاق نے کہا کہ وہ پہلی شادی کے معاملے میں کھل کر بات نہیں کررہیں کیونکہ آج ڈیجیٹل کا دور ہے، بیٹا بڑا ہوکر یوٹیوب پر سرچ کرے گا تو کیا دیکھا گا؟ جب بیٹا بڑا اور سمجھدار ہوگا تو سب کچھ خود ہی سمجھ جائے گا۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ اور عمران اشرف اپنے بیٹے کے تمام ایونٹس میں ایک ساتھ جاتے ہیں، ’روحام کے معاملے میں عمران اشرف بہت سپورٹ کرتے ہیں‘۔

اداکارہ نے کہا کہ طلاق کے بعد کچھ لوگ اسکرین شاٹ لے کر میرے بھائیوں کو بھیجتے اور میری طلاق کی خبر پر افسوس کرتے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024