• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سرفراز کو ایک میچ کی خراب پرفارمنس پر ڈراپ نہیں کر سکتے، حفیظ

شائع December 17, 2023
ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کیا— فوٹو: بشکریہ کرک انفو
ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کیا— فوٹو: بشکریہ کرک انفو

قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی خراب کارکردگی کے باوجود ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو ایک میچ کی خراب پرفارمنس پر ڈراپ نہیں کر سکتے۔

آسٹریلیا نے پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 360 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے ڈیوڈ وارنر کی سنچری کی بدولت 487 رنز بنائے لیکن جواب میں پاکستانی ٹیم 271 رنز بناکر فالو آن کا شکار ہو گئی۔

آسٹریلیا نے فالو آن نہ کرانے کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز 233 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو فتح کے لیے 360 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور آسٹریلیا نے میچ میں 360 سے فتح سمیٹ کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے نئے کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے اچھی بات ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز عامر جمال اور خرم شہزاد کی متاثر کن کارکردگی تھی لیکن ہماری بیٹنگ بری طرح سے فیل ہوئی۔

سرفراز احمد کے حوالے سے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے واضح کردیا کہ سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی اور ہم انہیں ایک میچ کی پرفارمنس پر ڈراپ نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ میچ کی پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں صرف چار رنز بنا سکے اور دونوں ہی اننگز میں مچل اسٹارک نے انہیں اپنا شکار بنایا۔

دوسری جانب نئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے شکست کے ساتھ ساتھ ٹیم کی سلو بیٹنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا نے 113 اوورز میں 487 رنز بنائے اور پاکستان نے 102 اوورز میں 271 رنز اسکور کیے، اگر ہم پہلی اننگز میں تھوڑا تیز کھیلتے تو 60 سے 70 رنز بنا سکتے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024