• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی عہدے سے مستعفی

شائع December 16, 2023
سرفراز بگٹی نے ’کچھ ذاتی وجوہات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے’ استعفیٰ پیش کیا—فائل فوٹو: انڈیپنڈنٹ اردو
سرفراز بگٹی نے ’کچھ ذاتی وجوہات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے’ استعفیٰ پیش کیا—فائل فوٹو: انڈیپنڈنٹ اردو

نگران وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک متعلقہ پیشرفت میں بلوچستان کے نگران وزیر کھیل و ثقافت نوابزادہ جمال رئیسانی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے معدنیات میر عمیر محمد حسنی نے بھی گزشتہ روز نگران صوبائی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز بگٹی نے 13 دسمبر کو ’کچھ ذاتی وجوہات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا، جسے بعدازاں گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری کرنے سے چند گھنٹے قبل قبول کر لیا گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ملک میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔

سرفراز بگٹی کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سرفراز بگٹی نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے ارادے سے کابینہ سے استعفیٰ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتخابی شیڈول جاری ہونے سے قبل ہی استعفیٰ دے دیا تھا کیونکہ قانون کے تحت نگراں سیٹ اپ کے اراکین انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔

سرفراز بگٹی کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے ہے اور وہ 2021 میں بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

42 سالہ سرفراز بگٹی اس سے قبل 2013 میں الیکشن جیتنے کے بعد بلوچستان کے وزیرِ داخلہ رہ چکے ہیں، وہ آزاد امیدوار کے طور پر جیتے تھے لیکن بعدازاں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل گئے تھے، ذرائع نے اگلے انتخابات سے قبل ان کے دوبارہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ملنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ انتخابات اور انتخابی مہم دونوں کے لیے حفاظتی انتظامات میں وزارت داخلہ کا کلیدی کردار ہے، اس لیے سرفراز بگٹی کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کا یہ وقت سیکیورٹی پر اس کے اثرات پر سوال اٹھاتا ہے۔

نوابزادہ جمال رئیسانی نے اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے 12 دسمبر کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا اور آج بیرون ملک سے واپسی کے بعد چیف منسٹر نے اسے قبول کرلیا۔

میر عمیر محمد حسنی نے بھی اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ میر علی مردان ڈومکی کو بھجوایا جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

میر عمیر محمد حسنی نے کہا کہ میں نے کچھ ذاتی معاملات کی وجہ سے مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، تاہم ذرائع نے بتایا کہ میر عمیر محمد حسنی بھی اپنے آبائی حلقے سے الیکشن لڑیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024