• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آرمی چیف کا دورۂ امریکا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت

شائع December 15, 2023
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملاقات میں جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملاقات میں جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور سپہ سالار اپنے پہلے دورہ امریکا کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ملاقات میں انہیں ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے اپنے دورہ امریکا کے دوران نائب امریکی قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر، امریکی نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملاقات میں جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف اور امریکی حکام نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے دوطرفہ تعاون کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف اور امریکی حکام میں عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی، فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقاتوں کے دوران آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بات کی اور علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی، سپہ سالار نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی نے افواج پاکستان کی ملکی خدمات کو سراہا جب کہ آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے بہترین خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ جنرل عاصم منیر اتوار کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے اور 2 دن برطانیہ میں گزارنے کے بعد منگل کی سہ پہر امریکی دارالحکومت پہنچے تھے، برطانیہ میں ان کی مصروفیات کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں کیونکہ بظاہر یہ ایک نجی دورہ تھا۔

جنرل عاصم منیر کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے بھی ملاقات متوقع ہے، علاوہ ازیں امریکی ایوان اور سینیٹ کے اراکین سے بھی ان کی ملاقات کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024