• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بلاول بھٹو وزیراعظم کے امیدوار، خواہش ہوگی آصف زرداری کو صدر بنائیں، فیصل کریم کنڈی

شائع December 14, 2023
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نیب کسی کی جاگیر نہیں بلکہ ایک ادارہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نیب کسی کی جاگیر نہیں بلکہ ایک ادارہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، خواہش ہوگی کہ آصف زرداری کو صدر بنائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر شروع ہوگئے ہیں، ان دہشت گردوں کو ملک میں دوبارہ کس نے آباد کیا اور ان کو کون لایا ہے؟

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ڈیرہ اسمعٰیل خان میں دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتی ہے، پیپلز پارٹی پہلے بھی اس واقعے کی مذمت کر چکی ہے، پیپلز پارٹی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کی بات کرتی رہی ہے اور کر بھی رہی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ دہشت گردوں کو کس کے کہنے پر کھلے عام چھوڑ دیا گیا؟ دہشت گردی کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر شروع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا کیس سنا گیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف ملنا چاہیے، ذوالفقار علی کو شہید کرنے میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کی بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے ہیں، انہوں نے کل پشاور میں وومن ورکر کنونشن سے خطاب کیا، بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، خواہش ہوگی کہ آصف زرداری کو صدر بنائیں۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست ڈرائنگ روم کی سیاست ہے، خود کو ملک کی بڑی جماعت کہلوانے والی پارٹی الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے؟

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے لاہور جلسے اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے مٹھی میں جلسے کا موازنہ کریں تو آپ کو پتا چلے گا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے، ہم 8 فروری کو الیکشن کے حوالے سے بھرپور تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جنگوں میں بھی الیکشن ہوتے ہیں، ہر الیکشن میں حالات اچھے نہیں رہے لیکن تب بھی الیکشن ہوئے، انتخابات کو 8 فروری سے آگے نہیں جانا چاہیے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاڈلے نے ملک میں تباہی کردی ہے، لاڈلا بننے اور سلیکشن سے بہتر ہے کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں، اگر کوئی پارٹی اتنی بڑی ہے تو پھر الیکشن میں 2 ماہ کی تاخیر کی بات کیوں کرتی ہے؟

انہوں نے الزام لگایا کہ نیب کا ادارہ ہمیشہ ہی سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال ہوتا آرہا ہے، یہی نیب نواز شریف کے خلاف کیس بناتی رہی اور آج دھڑا دھڑ بری بھی کر رہی ہے، نیب کسی کی جاگیر نہیں بلکہ ایک ادارہ ہے، نیب ماضی میں غلط تھا یا آج غلط ہے عوام کو بتایا جائے۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگانے کے حوالے سے بات کو مسترد کر دیا ہے، اگر سوشل میڈیا پر پابندی لگائی گئی تو آزادی اظہار رائے کے خلاف ہوگا، عوام کو اپنی رائے دہی کا پورا حق حاصل ہے اور وہ اپنے جذبات کا اظہار کر سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024