• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

لاہور: سینئر نائب صدر پی ٹی آئی شیر افضل مروت گرفتار

شائع December 14, 2023
لاہور پولیس نے شیر افضل مروت کو لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا ہے—فوٹو:ڈان نیوز
لاہور پولیس نے شیر افضل مروت کو لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا ہے—فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کو گرفتار کرلیا گیا۔

لاہور پولیس نے شیر افضل مروت کو لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق شیر افضل مروت لاہور ہائی کورٹ بار کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہوئے تو جی پی او چوک پر پولیس اہلکاروں نے انہیں روک لیا۔

اس موقع پر شیر افضل کے ہمراہ وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، گرفتاری کے وقت ساتھی وکلا نے کچھ مزاحمت کی، اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما نے لاہور ہائی کورٹ میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی تاہم پولیس شیر افضل مروت کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئی۔

لاہور پولیس نے بتایا کہ شیر افضل مروت کو نقض امن کا باعث بننے پر گرفتار کیا گیا ہے، 30 روز کے لیے ان کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گیے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شیر افضل مروت کو خیبر پختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں مبینہ طور پر گرفتار کرنے کے بعد رہا کردیا گیا تھا، شیر افضل مروت باجوڑ جا رہے تھے کہ چکدرہ بائی پاس پر لوئر دیر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔

ان کی گرفتاری کی خبروں پر پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان لوئر دیر پولیس حشمت اللہ خان نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیر افضل کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے بلکہ چکدرہ میں پولیس چیک پوسٹ پر ان سے پوچھ گچھ کی گئی ہے اور پھر وہ روانہ ہو گئے۔

واضح رہے کہ شیر افضل کو گزشتہ ماہ ہی پاکستان تحریک انصاف کا سینئر نائب صدر بنایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اکتوبر کے اواخر میں شیر افضل خان مروت پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

ان کے خلاف شکایت شور کوٹ کے رہائشی عبدالمجید نے درج کروائی اور صدر پولیس تھانے میں 27 اکتوبر (منگل) کو اس کی ایف آئی آر درج کی گئی، تھانے کے ایک پولیس افسر نے شیر افضل مروت کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کی۔

ان کے خلاف مقدمات پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 120-بی (مجرمانہ سازش) اور 153-اے (مختلف گروہوں میں دشمنی کو فروغ دینے) کے تحت درج کیے گئے۔

اپنی شناخت بطور ’محب وطن شہری‘ کروانے والے شکایت گزار عبد المجید نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین بہت زمانے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس اور آرمی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید الزام لگایا تھا کہ خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت کے رہائشی شیر افضل مروت نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے افرا تفری پھیلانے کی غرض سے عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت نے لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر ایک تحریک چلانے کا کہا، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس عمل نے لوگوں میں ایسے پُرتشدد واقعات کے دوبارہ بڑھنے کا خوف پیدا کردیا ہے، جیسے واقعات 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں رونما ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024