• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آصف زرداری کے ولاگرز کو پیسے دینے کے الزام پر جمائما گولڈ اسمتھ کا ردعمل

شائع December 14, 2023
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے لگائے گئے سیاسی مقاصد کے لیے ولاگرز کو پیسے دینے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنا ردعمل دیا۔

معاملہ اس وقت شروع ہوا جب 11 دسمبر کو صحافی عاصمہ شیرازی نے سابق صدر آصف زرداری کا انٹرویو لیا جہاں انہوں نے آئندہ عام انتخابات، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیاسی مستقبل اور اس کے علاوہ دیگر سیاسی موضوعات سے متعلق گفتگو کی۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا انٹرویو نجی ٹی وی چینل ’آج نیوز‘ پر نشر ہوا تھا، انٹرویو کے دوران عاصمہ شیرازی نے پی ٹی آئی سے متعلق آصف زرداری سے سوال پوچھا کہ ’تاثر یہی ہے کہ آئندہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت لے کر آئیں گے اور وہی (پی ٹی آئی) جیتے گی‘۔

جس پر سابق صدر نے جواب دیا کہ ’خدا کا خوف کریں، یہ تو باہر بیٹھے ہوئے وی لاگرز کہہ رہے ہیں، ان وی لاگرز کو پیسے دے رہی ہیں جمائما۔‘

آصف زرداری کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہوا جس کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین سابق صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے اور جمائما سے اظہار یکجہتی کرتے رہے۔

بعدازاں سوشل میڈیا صارف احتشام کی ٹوئٹ پر جمائما گولڈ اسمتھ نے آصف زرداری کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ظاہر ہے یہ سچ نہیں ہے، میں صرف پاکستان میں امن اور خوشحالی کی خواہش رکھتی ہوں۔‘

ایک اور سوشل میڈیا ٹوئٹ پر جمائما نے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

انہوں نے کہا کہ ’کرپٹ سیاستدان جب مجھے بدنام کرتے ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں تو عام پاکستانی ہمیشہ میرا دفاع اور حمایت کرتے ہیں، آپ سب کا بہت شکریہ۔‘

خیال رہے کہ عمران خان نے جمائما گولڈ اسمتھ سے 1995 میں شادی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی، جس کے بعد جمائما اپنے وطن واپس لوٹ گئیں تاہم وہ اکثر پاکستان سے متعلق مختلف موضوعات پر بات کرتی رہتی ہیں اور وہ سوشل میڈیا پراپنے پاکستانی فالوورزکے ساتھ بھرپور طریقے سے جڑی رہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024