• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر سے زائد تک کمی کا امکان

شائع December 14, 2023
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 79 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 73 ڈالر تک آگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 79 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 73 ڈالر تک آگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے سبب پیٹرولیم مصنوعات (پیٹرول اور ڈیزل) کی قیمتیں 15 دسمبر کو 10 روپے فی لیٹر نیچے آنے کا امکان ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق باخبر حکام نے بتایا کہ گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی سطح پر ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی سطح پر صارفین کے لیے قیمتوں میں معقول کمی ممکن ہے۔

حکام نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ڈیزل تقریباً 4 ڈالر فی بیرل سستا ہوکر 99.50 ڈالر سے 95.50 ڈالر پر آگیا جبکہ پیٹرول کی قیمت 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 81.7 ڈالر پر آ گئی۔

دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی قدر 284 روپے پر آگئی جوکہ یکم دسمبر کو 285.5 پر تھی، اس عرصے کے دوران خام تیل کی قیمت 79 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 73 ڈالر تک آگئی۔

لہذا ڈیزل کی قیمت کم از کم 12 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت کم از کم 10 روپے فی لیٹر نیچے آنے کا امکان ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 7 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 13 روپے کی کمی متوقع ہے۔

حکومت اس وقت 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے جوکہ قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ حد ہے۔

حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مالی سال 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے جمع کرنے کا بجٹ ٹارگٹ مقرر کیا تھا لیکن اب توقع کی جارہی ہے کہ جون کے آخر تک یہ ٹارگٹ 950 ارب روپے سے زائد تک بڑھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 15 روز قبل حکومت پاکستان نے آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 نومبر 2023 سے ردوبدل کا فیصلہ کیا تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کرتے ہوئے حکومت نے پیٹرول کی قیمت 2 روپے 4 پیسے فی لیٹر کم کردی، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 281 روپے 34 پیسے ہوگئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت فی لیٹر 296 روپے 71 پیسے ہوگئی۔

مٹی کے تیل فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 5 پیسے کمی کردی گئی تھی اور فی لیٹر قیمت کم ہو کر 204 روپے 98 پیسے پر آگئی، اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے کمی کردی گئی تھی اور فی لیٹر نئی قیمت 180 روپے 45 پیسے مقرر کردی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024