• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان، عامر جمال، خرم شہزاد ڈیبیو کریں گے

شائع December 13, 2023
ٹرافی کی رونمائی میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے حصہ لیا۔ فوٹو:پی سی بی/ایکس
ٹرافی کی رونمائی میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے حصہ لیا۔ فوٹو:پی سی بی/ایکس

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کل (14 دسمبر) سے پرتھ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا، عامر جمال اور خرم شہزاد ڈیبیو کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل اور سرفراز احمد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی ، عامر جمال اور خرم شہزاد بھی ٹیم کا حصہ ہیں، عامر جمال اور خرم شہزاد ٹیسٹ کرکٹ ڈیبیو کریں گے۔

اعلان کردہ قومی ٹیم میں کوئی ریگولر اسپنر شامل نہیں ہے، تاہم سلمان علی آغا پارٹ ٹائم اسپنر ہیں۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

جبکہ آسٹریلوی اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، لانس مورس، مچل اسٹارک، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل وڈ اور ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کی بینو قادر ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی، تقریب رونمائی میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے حصہ لیا ساتھ ہی دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصویریں بھی بنوائی۔

بہترین ٹیم کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنے کا موقع ہے، شان مسعود

پاکستانی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پرتھ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم کی حیثیت سے ہم نے موافقت کے بارے میں بات کی، چاہے ہم کرکٹ کراچی میں کھیلیں یا پرتھ میں، میرے لیے یہ زیادہ اہم ہے کہ پاکستانی ٹیم مختلف حالات میں کتنی جلدی ڈھل سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم مسلسل 5 دن اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ ہم صحیح نتائج حاصل کر سکیں گے، اس کھیل کی خوبصورتی یہی ہے کہ آپ کو ہر بار کچھ مختلف کرنے کا موقع ملتا ہے اور ہم یہی کرتے ہیں، ہم پرجوش ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور اگر نتیجہ ہمارے مطابق آیا تو ٹھیک ہے ورنہ ہم واپس جا کر اپنی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کریں گے۔

شان مسعود نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم میں بہت زیادہ صلاحیت نظر آتی ہے، بہت سے کرکٹرز پاکستان کو آگے لے جا سکتے ہیں اور ہمارے پاس یہ اچھی کرکٹ کھیلنے اور یہ دکھانے کے لیے ہے ایک بہترین موقع ہے کہ ہم بہترین ٹیم سے بھی مقابلہ کر سکتے ہیں۔

شان مسعود نے بتایا کہ اگر ہم یہ سیریز جیت جاتے ہیں تو یہ ہمارے لیے انتہائی اہم ہوگا، ہمیں ابھی کئی ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، آسٹریلیا اس کی شروعات کے لیے بہترین جگہ ہے، یہ ہمارے لیے دنیا کی بہترین ٹیم کے خلاف مہذب کرکٹ کھیلنے کا بہترین موقع ہے اور ہمیں اس چیلنج کا انتظار ہے۔

عثمان خواجہ کے جوتوں پر غزہ حمایتی جملوں کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بس ابھی ہی اس بارے میں سنا ہے تو ہم اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024