• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سید جبران کی پہلی بار اہلیہ سے تعلقات پر کھل کر گفتگو

شائع December 12, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

معروف اداکار سید جبران اور ان کی اہلیہ عفیفہ کے درمیان گزشتہ برس علیحدگی اور طلاق کی افواہیں سامنے آئی تھیں، تاہم اب پہلی بار اداکار نے اہلیہ سے تعلقات اور ان سے شادی کے معاملے پر کھل کر گفتگو کی ہے۔

سید جبران اور عفیفہ نے سال 2011 میں شادی کی تھی اور ان کے تین بچے ہیں اور ان کی شادی ختم ہونے سے متعلق گزشتہ برس سے چہ مگوئیاں تھیں، لیکن جولائی 2023 میں دونوں کی ایک ساتھ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ان کے درمیان اختلافات کی چہ مگوئیاں دم توڑ گئیں۔

اب سید جبران نے پہلی بار میڈیا کے سامنے بتایا ہے کہ ان کے اہلیہ کے ساتھ کس طرح کے تعلقات ہیں اور دونوں کے درمیان کیسے تعلقات استوار ہوئے۔

سید جبران نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر گفتگو کی۔

سید جبران نے بتایا کہ بطور اداکار انہیں لگتا ہے کہ وہ اب تک ریلیز ہونے والے تمام مقبول ترین ڈراموں کے مشہور کردار ادا کرسکتے تھے لیکن شاید وہ عمران اشرف کے بھولے کا کردار ادا نہیں کرپاتے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ زمانہ طالب علمی میں ان کے کسی کے ساتھ کوئی تعلقات نہیں تھے، کیوں کہ وہ لڑکوں کے کالج میں پڑھتے تھے۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ انہیں محبت میں کبھی دھوکا نہیں ملا، البتہ ان کے ساتھ کیے گئے کچھ وعدوں کو لوگوں نے پورا نہیں کیا لیکن انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

سید جبران کے مطابق انہیں سب سے زیادہ سجل علی اور صبا قمر پسند ہیں جب کہ ایمان علی ان کا کرش تھیں اور اب بھی وہ ان کا کرش ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے بچے اور اہلیہ ان کے ڈرامے نہیں دیکھتے، البتہ ان کی بیوی کو ان سے شکایت رہتی ہے کہ وہ انہیں اس طرح کیوں نہیں دیکھتے رہتے، جس طرح وہ ڈراموں میں اداکاراؤں کو دیکھتے رہتے ہیں۔

اسی بات پر سید جبران نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگرچہ وہ بیوی کو دیکھتے رہتے ہیں لیکن ان کی اہلیہ کا مطالبہ ہے کہ وہ انہیں ہر وقت دیکھتے رہیں۔

اہلیہ سے محبت اور شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سید جبران نے بتایا کہ دونوں کے درمیان پہلی ملاقات لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہوئی تھی، انہوں نے اہلیہ کو وہاں دیکھا اور پھر ان کے درمیان تعلقات استوار ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ہمایوں سعید کے ہمراہ لندن شوٹنگ کے لیے گئے تھے اور محض چند ہی دن میں ان کے اور اہلیہ کے درمیان تعلقات استوار ہوگئے اور پھر انہوں نے شادی کرلی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ تعلقات استوار ہونے کے 8 ماہ بعد انہوں نے اہل خانہ کی رضامندی سے شادی کی۔

سید جبران کے مطابق چونکہ اس وقت تک ان کے تمام بہن بھائیوں کی شادی ہو چکی تھی اور ان کے ہاں بچے بھی ہو رہے تھے تو والدین کی خواہش تھی کہ وہ بھی جلد سے جلد شادی کرلیں، اس لیے ان کی شادی ان کی پسند کی لڑکی سے کروا دی گئی۔

انہوں نے اہلیہ کی خوبصورتی اور محبت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیوی ان سے اس بات پر خفا رہتی ہیں کہ وہ انہیں ہر وقت نہیں دیکھتے رہتے جب کہ وہ انہیں دیکھتے رہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024