• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ورلڈ کپ فائنل اور سیمی فائنل کی وکٹ اوسط درجے کی قرار

شائع December 9, 2023
بھارت کو ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز
بھارت کو ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے بھارت میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل اور سیمی فائنل کی وکٹ کو اوسط درجے کی قرار دے دیا۔

ورلڈ کپ 2023 کا سیمی فائنل کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا گیا تھا جبکہ ایونٹ کا فائنل احمد آباد میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین ہوا تھا۔

کولکتہ میں کھیلے گئے سیمی فائنل کی وکٹ نسبتاً سلو تھی جس پر جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.4 اوورز میں 212 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

آسٹریلیا نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں 7 وکٹیں گنوانے کے بعد 47.2 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا تھا۔

آئی سی سی کے میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے اس میچ کی وکٹ کو اوسط درجے قرار دیا البتہ میچ کی آؤٹ فیلڈ کو اچھا قرار دیا گیا۔

بھارت نیوزی لینڈ کے درمیان ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کی وکٹ کو اچھا قرار دیا گیا اور اس ہائی اسکورنگ میچ میں بھارت نے محمد شامی کی 7 وکٹوں کی بدولت کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

بھارت نے اس میچ میں ویرات کوہلی کی ریکارڈ ساز 50ویں سنچری کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے تھے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم ڈیرل مچل کی 134 رنز کی اننگز کے باوجود 327 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل کے حوالے سے یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ بھارت نے وکٹ بدل دی ہے اور ایک نئی وکٹ کی جگہ استعمال شدہ پچ پر میچ کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے احمدآباد کے کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ کو بھی زمبابوے کے میچ ریفری اینڈ پائی کرافٹ نے اوسط درجے کی قرار دے دیا۔

میچ سے قبل آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے وکٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا کیونکہ یہ ایک استعمال شدہ وکٹ تھی جس پر اس سے پہلے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا اور بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 240 رنزبنا سکی تھی اور آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی عمدہ سنچری کی بدولت 43 اوورز میں ہدف حاصل کر کے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024