• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

فلم میں میری موت کا منظر دیکھ کر والدہ رو پڑیں، بوبی دیول

شائع December 9, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر بولی وڈ فلم ’اینیمل‘ میں منفی کردار ادا کرنے والے بوبی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ فلم دیکھتے وقت ان کی والدہ رو پڑیں اور انہیں کہا کہ وہ آئندہ ایسی فلمیں نہ کریں، جس میں انہیں مرتا ہوا دکھایا جائے۔

رنبیر کپور، انیل کپور، رشمیکا مندانا اور بوبی دیول کی کاسٹ پر مبنی فلم ’اینیمل‘ کو گزشتہ ہفتے ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے کمائی کے نئے ریکارڈز بناتے ہوئے اب تک تقریباً 500 کروڑ روپے کمالیے ہیں۔

فلم میں متعدد پرتشدد اور انتہائی بولڈ اور نامناسب مناظر بھی ہیں، جس وجہ سے فلم کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے، تاہم زیادہ تر شائقین اس کی تعریفیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

فلم کی کامیابی کے بعد بوبی دیول نے انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’اینیمل‘ کے بعد ان کے کیریئر کی ایک طرح سے نئی شروعات ہوئی ہے اور لوگ نہ صرف ان کے ملنے کے خواہاں بلکہ وہ انہیں دعائیں بھی دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ ان کی فلم تقریباً ساڑھے تین گھنٹے پر مشتمل ہے لیکن اس کے باوجود شائقین نے ان کی فلم کو ایک ہی ہفتے میں دو سے تین بار دیکھا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ فلم میں منفی کردار ادا کرنے کی وجہ سے ان کی شہرت بڑھ گئی ہے، راہ چلتے ہوئے بھی لوگ انہیں روک کر ان کے ساتھ سیلفی بنوانے کی ضد کرتے ہیں۔

بوبی دیول کے مطابق جب ’اینیمل‘ کا پہلا ٹیزر جاری ہوا تو انہیں کچھ مایوسی ہوئی تھی لیکن ٹریلر سامنے آنے تک وہ بہت خوش تھے اور ہدایت کار نے بھی انہیں بتا رکھا تھا کہ فلم سے ان کی زندگی بدلنے والی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹریلر دیکھنے کے بعد ہی ان کے پاس لوگوں کے اتنے فون کالز آئے کہ جیسے ان کی فلم ہی ریلیز ہوچکی ہو۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے والد دھرمیندر اور بڑے بھائی سنی دیول نے تاحال ’اینیمل‘ نہیں دیکھی، البتہ ان کی اہلیہ اور بچوں سمیت ان کی والدہ نے فلم دیکھ لی۔

اداکار کے مطابق ان کی بیوی اور بچے بھی ان کے کردار کو دیکھ کر انتہائی خوش ہیں اور انہوں نے ان کی اداکاری کی تعریفیں کیں۔

بوبی دیول کا کہنا تھا کہ لیکن ان کی والدہ فلم کے آخری مناظر دیکھ کر رو پڑیں اور وہ آخری مناظر نہیں دیکھ سکیں لیکن وہ ان کی فلم کے کامیاب ہونے پر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فلم دیکھنے کے بعد والدہ نے انہیں کہا کہ ان کی سہیلیاں ان سے ملنا چاہتی ہیں اور انہوں نے حکم دیا کہ ان کی سہیلیوں کے لیے وقت نکالا جائے۔

اسی حوالے سے ٹائمز آف انڈیا نے بتایا کہ بوبی دیول نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ فلم میں ان کی موت کے مناظر دیکھنے کے بعد والدہ ان پر ناراض ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق والدہ نے بوبی دیول کو کہا کہ ان سے ان کی موت کے مناظر نہیں دیکھے جاتے، وہ آئندہ ایسی فلمیں نہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024