آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ: کپتان شان مسعود کی ناقابل شکست ڈبل سنچری
دورہ آسٹریلیا کے دوران واحد وارم اپ میچ میں پاکستان نے کپتان شان مسعود کی ناقابل شکست ڈبل سنچری کی بدولت 391 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی۔
گزشتہ روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے شان مسعود کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنا لیے تھے۔
شان مسعود نے گزشتہ کے اسکور سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اور ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کی۔
آج آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی فہم اشرف تھے جو 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد عامر جمال 5، میر حمزہ 8 اور خرم شہزاد 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کر دی، جواب میں کینگروز نے دوسرے دن کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کے ابرار احمد اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں، پاکستان کو پہلی اننگز میں اب بھی 282 رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے خلاف ڈبل سنچری داغ دی، وہ دو سو ایک رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔