• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

غیرقانونی مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی و معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، آرمی چیف

شائع December 7, 2023
آرمی چیف نے قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکا سے بھی خصوصی خطاب کیا —فوٹو: آئی ایس پی آر
آرمی چیف نے قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکا سے بھی خصوصی خطاب کیا —فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں سپہ سالا کو سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کی بے مثال کارکردگی کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دورہ پشاور کے دوران آرمی چیف نے قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکا سے بھی خصوصی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ کامیابی پاکستان کا مقدر ہے، پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پر عزم حمایت حاصل ہے، دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے، آرمی چیف نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکی افراد کو اپنے وطن واپس لوٹنے کے لیے یکم نومبر تک کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی اور یہ واضح کردیا گیا تھا کہ اس کے بعد نہ جانے والوں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکی افراد کو ہم نے یکم نومبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ وہ اس تاریخ تک رضاکارانہ طور پر اپنے اپنے ممالک میں واپس چلے جائیں اور اگر وہ یکم نومبر تک واپس نہیں جاتے تو ریاست کے جتنے بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے ہیں وہ اس بات کا نفاذ یقینی بناتے ہوئے ایسے افراد کو ڈی پورٹ کریں گے۔

بعد ازاں 17 اکتوبر کو آرمی چیف جنرل عاصم نے یکم نومبر 2023 سے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ملک بدر کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تمام غیر قانونی تارکین وطن اور غیر ملکیوں کی باعزت اور محفوظ طریقے سے وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024