• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

’کہانی میں نے شروع کی تھی، ختم بھی میں کروں گا‘، شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ کا ٹریلر جاری

شائع December 6, 2023
رواں سال شاہ رخ خان کی دو فلمیں (جوان اور پٹھان) پہلے ہی ریلیز ہوچکی ہیں—فوٹو: اسکرین شاٹ
رواں سال شاہ رخ خان کی دو فلمیں (جوان اور پٹھان) پہلے ہی ریلیز ہوچکی ہیں—فوٹو: اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے ’بادشاہ‘ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان کی رواں سال ریلیز ہونے والی تیسری فلم ’ڈنکی‘ کا ٹریلر جاری ہوگیا، یہ فلم 22 دسمبر کو مسیحی برادری کے تہوار کرسمس کے موقع پر بھارتی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

رواں سال شاہ رخ خان کی دو فلمیں (جوان اور پٹھان) پہلے ہی ریلیز ہوچکی ہیں جنہیں بھارت سمیت دنیا بھر میں بے حد سراہا گیا اور باکس آفس میں اربوں روپے کا برنس کرکے کئی ریکارڈز اپنے نام کیے تھے۔

’پٹھان‘ اور ’جوان‘ دونوں فلمیں ایکشن اور تھرلر سے بھرپور فلمیں تھیں لیکن شاہ رخ خان کی نئی فلم ’ڈنکی‘ ایکشن کے ساتھ مزاحیہ بھی ہے۔

قبل ازیں اس فلم کا مختصر ٹیزر جاری ہوا تھا، تاہم اب فلم کا ٹریلر جاری ہوگیا ہے۔

شاہ رخ خان نے فلم ’ڈنکی‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ کہانی میں نے شروع کی اور اسے ختم بھی میں ہی کروں گا، اپنے اُلو کے پٹھوں کے ساتھ۔‘

شاہ رخ خان کی فلم ڈنکی ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ اور راج کمار فلمز کی جانب سے پیش کی گئی ہے، فلم کی کہانی راج کمار ہیرانی نے لکھی ہے جبکہ پروڈکشن شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور راج کمار ہیرانی نے کی ہے۔

فلم کا ٹریلر

3 منٹ کے ٹریلر کا آغاز شاہ رخ خان کے ڈائیلاگ سے ہوتا ہے، اداکار کہتے ہیں کہ ’یہ کہانی شروع ہوئی تھی 1995 میں جب میں نے لالٹو میں قدم رکھا، یہاں مجھے 4 احمق دوست ملے جو لندن جانا چاہتے تھے‘۔

شاہ رخ خان نے اپنے ڈائیلاگ میں اپنے چاروں دوستوں کا تعارف بھی کروایا، انہوں نے کہا کہ ’بَلی بال کاٹنے کا کام کرتا تھا، بگو پاجامے فروخت کرتا تھا، سوکھی (وکی کوشل) انگریزی بولتا رہتا تھا، منُو (تاپسی پنو) میرے لیے دنیا سے لڑجاتی ہے۔‘

وکی کوشل اور شاہ رخ خان انگریزی زبان سیکھے بغیر بیرون ملک جانے پر بضد رہتے ہیں، اور یہ جواز پیش کرتےہیں کہ انگریزوں نے بھی ہندی جانے بغیر ایک صدی تک بہندوستان پر حکومت کی تھی۔

بعدازاں ٹریلر میں دکھایا گیا کہ شاہ رخ خان اپنے دوست کے ہمراہ سرحد پار کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، اس دوران ان کی فوجیوں سے ہاتھا پائی بھی ہوتی ہے۔

تاہم ٹریلر کے آخر میں حیران کن طور پر شاہ رخ 25 سال بعد بوڑھے آدمی کے روپ میں نظر آتے ہیں، پیلے اور نیلے رنگ کی پٹیوں والی ٹی شرٹ پہنے اور سرمئی داڑھی میں شاہ رخ خان ریس میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔

فلم کی کہانی

پچھلے سال شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم ڈنکی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’یہ ایک مزاحیہ فلم ہے، راج کمار ہیرانی کی فلمیں ہمیشہ کامیڈی سے بھرپور ہوتی ہیں، فلم کے اداکار دنیا کے مختلف ممالک سے گھوم کر واپس اپنے ملک ہی آتے ہیں۔

یہ پنجاب میں رہنے والے 5 دوستوں کی کہانی ہے جو لندن میں کام کرنے کی امید رکھتا ہے، ان دوستوں میں شاہ رخ خان، تاپسی پنو، وکی کوشل اور دو دیگر اداکار شامل ہیں۔

کتریہ کیف کے شوہر وکی کوشل نے ’سوکھی‘، تاپسی پنو سے ’منوں‘ اور شاہ رخ خان نے ’ہارڈی‘ کا کردار ادا کیا ہے، شاہ رخ خان اپنے دوستوں کو کسی بھی طرح لندن پہنچنے میں مدد کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔

فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد اب سوال یہ ہے کہ کیا ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کی طرح ’ڈنکی‘ بھی تمام ریکارڈ اپنے نام کرے گی؟ یہ تو فلم ریلیز ہونے کے بعد ہی پتا چلے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024