• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’نایاب‘ کی جھلک جاری

شائع December 4, 2023
— اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
— اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

ٹی وی کی مقبول اداکارہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’نایاب‘ میں اداکارہ کے کردار کی پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے جلد ہی فلم کا ٹریلر جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’نایاب‘ کا اعلان جنوری 2023 میں کیا گیا تھا اور رواں برس مئی میں یمنیٰ زیدی نے بتایا تھا کہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے کبھی کرکٹ نہیں کھیلی، انہوں نے گیند کیچ کی، نہ بلا تھاما لیکن فلم ’نایاب‘ کے لیے انہوں نے کرکٹ کھیلنا سیکھی۔

’نایاب‘ میں یمنیٰ زیدی نایاب نامی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی جو کہ بچپن سے ہی کرکٹر بننا چاہتی ہیں لیکن خاندان اور سماجی مسائل کی وجہ سے اسے مشکلات درپیش آتی ہیں۔

فلم کے کردار نایاب کا تعلق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہوتا ہے اور فلم میں ان کے علاوہ جاوید شیخ، عدنان صدیقی، اسامہ خان اور فواد خان سمیت فریال محمود بھی دکھائی دیں گی۔

یمنیٰ زیدی نے اپنے کردار کی پہلی جھلک کا موشن پوسٹر جاری کرتے ہوئے اپنی فلم سے متعلق بتایا۔

فلم کے آفیشل انسٹاگرام پر فلم کی شوٹنگ کی ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں جن میں جاوید شیخ، یمنیٰ زیدی اور دیگر اداکاروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

فلم کے آفیشل انسٹاگرام پر اعلان کیا گیا کہ ’نایاب‘ کا ٹریلر رواں ماہ 10 دسمبر تک جاری کیا جائے گا، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا۔

’نایاب‘ کی ہدایات عمیر ناصر علی نے دی ہیں جب کہ اسے رومینا عمر اور عمیر عرفانی نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی زیادہ تر شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کی گئی ہے، تاہم اس کے متعدد مناظر لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی فلمائے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024