• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلی بار نیوزی لینڈ کو ہرا کر تاریخ رقم کردی

شائع December 4, 2023
فاطمہ ثنا نے3 جبکہ ندا ڈار ، ڈیانا بیگ اور عالیہ ریاض نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی—فوٹو: پی سی بی / ٹوئٹر
فاطمہ ثنا نے3 جبکہ ندا ڈار ، ڈیانا بیگ اور عالیہ ریاض نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی—فوٹو: پی سی بی / ٹوئٹر

پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم نے فاسٹ باؤلر فاطمہ ثنا اور بیٹر شوال ذوالفقار کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو ہرا کر تاریخ رقم کردی۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی ایجنسی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن کے یونیورسٹی اوول اسٹیڈیم میں ہونے والے سیریز کے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے میزبان ملک کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فاطمہ ثنا نے18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے نیو زی لینڈ کو6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 127 رنز پر محدود کردیا اور شوال ذوالفقار نے 42 گیندوں پر 41 رنز بنا کر پاکستان کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

انہوں نے سب سے پہلے پویلین لوٹنے والی اپنی ساتھی اوپنر منیبہ علی (24 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے) کے ساتھ 40 رنز اسکور کیے، اس موقع پر ندا ڈار نے خود اگلے نمبر پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دائیں ہاتھ کی بلے باز شوال کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 51 رنز جوڑے۔

نیوزی لینڈ سرزمین پر پہلا اور اپنا چھٹا ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے والی 18 سالہ شوال ذوالفقار نے اپنی وکٹ گنوانے سے پہلے 7 چوکوں کی مدد سے ٹی 20میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا۔

91 رنز کے ساتھ13ویں اوور کے اختتام پر ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ندا ڈار بھی ایک چوکے اور چھکے کے ساتھ 14 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھیں۔

دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو تھوڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مگر بسمہ معروف اور عالیہ ریاض کی تجربہ کار جوڑی نے 10 گیندوں قبل ہی پاکستان کے جیت کے سفر کو یقینی بنادیا۔

عالیہ ریاض 12 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، ان کی اننگز میں 2چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، بسمہ معروف بھی 18 گیندوں پر 13 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔

اس سے قبل فاطمہ ثنا نے کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وائٹ فرنز کو آزادانہ طور پر اسکور کرنے سے روکا جا سکے، ندا ڈار ، ڈیانا بیگ اور عالیہ ریاض نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میڈی گرین ٹاپ اسکورر رہیں، انہوں نے 28 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 43 رنز بنائے۔

تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ منگل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024