• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

انتقام کی سیاست کو شکست ہو چکی ہے، شہباز شریف

شائع December 4, 2023
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل اور عوام کی مدد سے مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتے گی—فائل فوٹو: اے ایف پی
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل اور عوام کی مدد سے مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتے گی—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتقام کی سیاست کو شکست ہوچکی ہے، مہنگائی اور معاشی بدحالی پر قابو پانا ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے یہ بیان پارٹی رہنماؤں اور سابق ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کے دوران دیا جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی جس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں، مسلم لیگ (ن) سندھ کے تنظیمی معاملات اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مسلم لیگ (ن) سے ملاقات کرنے والوں میں بشیر میمن، سردار ایاز صادق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، شیخ روحیل اصغر، حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق، فرخ الطاف، باسط بخاری اور عمران قریشی شامل تھے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی استحکام سے معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے بچانے کے لیے انتخابات بہت ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل اور عوام کی مدد سے مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتے گی اور مہنگائی کو شکست دے گی۔

پی ٹی آئی کے دورِ حکومت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران جماعت کی جانب سے بدسلوکی اور کردار کشی کی سیاست میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل ضائع ہوئے۔

دریں اثنا لاہور میں قومی اسمبلی کی 7 اور پنجاب اسمبلی کی 14 نشستوں کے لیے ممکنہ امیدواروں کے انٹرویو ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کے مرکزی دفاتر میں ہوئے۔

انٹرویو دینے والے پینل میں شامل سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویوز (آج) پیر کو بھی جاری رہیں گے اور امیدواروں کا حتمی انتخاب پارٹی کا پارلیمانی بورڈ کرے گا۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کے ایک ٹی وی چینل پر متنازع ریمارکس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز کو پارٹی کے معاملات کو سرِعام موضوع نہیں بنانا چاہیے تھا، انہیں اندرونی سطح پر کسی پلیٹ فارم پر قیادت کے سامنے معاملات کو اٹھانا چاہیے تھا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جیسی سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے معمول کی بات ہے۔

دریں اثنا شہباز شریف نے سندھ کے ثقافتی دن پر جشن منانے والے تمام لوگوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری دنیا میں سندھ دھرتی کے رنگ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائے جا رہے ہیں، یہ اس شاندار ثقافتی ورثے کا ثبوت ہے جسے سندھی لوگ فخر سے قبول کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ محض ایک خطہ نہیں ہے، یہ میزبانوں، خیر خواہوں اور پیروں فقیروں کی سرزمین ہے، اس کے لوگوں کا تنوع اور گرم جوشی سندھ کو واقعی خاص بناتی ہے۔

انہوں نے اجرک اور سندھی ٹوپی کی تعریف کی اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن صدیوں پرانی روایات اور ثقافتی اقدار کی یاد دلاتا ہے۔

چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے بھی سندھ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اجرک، سندھی ٹوپی اور دستار پوری دنیا میں سندھ اور پاکستان کی علامت ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024