• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پی ایس ایل 2024: نسیم شاہ کا گلیڈی ایٹرز کو الوداع، یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے

شائع December 2, 2023
تصاویر: پی ایس ایل
تصاویر: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل ایک اور اہم تبدیلی ہوئی ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے معروف فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے بدلے وسیم جونیئر اور ابرار احمد کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کے تبادلے اور ایک فرنچائز سے دوسری فرنچائز میں منتقلی کا عمل جاری ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں سیزن کی دوسری اہم تبدیلی کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ سے کھلاڑیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا اور فاسٹ باؤلر محمد نسیم کے بدلے وسیم جونیئر اور اسپنر ابرار احمد کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اس پیشرفت کی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر تصدیق کی جبکہ نسیم نے بھی دلچسپ پوسٹ کے ذریعے اپنی اسلام آباد روانگی کا اعلان کیا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کی ٹیم بھی نسیم شاہ کی خدمات لینے میں دلچسپی رکھتی تھی جبکہ پشاور زلمی بھی نسیم شاہ کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنانے کے لیے کوشاں تھی لیکن یونائیٹڈ کی ٹیم نے سیزن کی ایک اور اہم ٹریڈ کرتے ہوئے نسیم کو ٹیم کا حصہ بنا لیا۔

ایسا مانا جا رہا ہے کہ نسیم شاہ خود بھی گلیڈی ایٹرز سے جانے میں دلچسپی رکھتے تھے اور ان کی سیزن سے قبل یونائیٹڈ روانگی کی وجہ بھی یہی ہے۔

ابتدائی چاروں سیزن میں سب سے بہترین کھیل پیش کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فرنچائز سے پانچویں سیزن سے قسمت روٹھ گئی اور وہ 2020 سے اب تک پلے آف میں بھی جگہ نہ بنا سکی۔

نسیم 2020 میں ہی گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا حصہ بنے تھے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اب تک لیگ کے پلے آف مرحلے کا کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے۔

پاکستان کرکٹ کے بہترین فاسٹ باؤلرز میں سے ایک تصور کیے جانے والے نسیم شاہ اب تک پاکستان سپر لیگ میں خاطر خواہ کامیاب نہیں ہو سکے اور 29 میچوں میں 26 وکٹیں لی ہیں۔

ایشیا کپ سے انجری کا شکار نسیم شاہ کے بارے میں ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ وہ لیگ کے اگلے ایڈیشن میں دستیاب ہوں گے یا نہیں اور وہ ابھی برطانیہ میں اپنی انجری کے بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کی جانب سے مزید چند اہم تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔

ایک روز قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے ساتھ کھلاڑیوں کا تبادلہ کرتے ہوئے افتخار احمد کی جگہ رائلی روسو کی خدمات حاصل کر لی تھیں۔

اس سے قبل بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز سے کھلاڑی کا تبادلہ کرتے ہوئے حسن علی کے بدلے عماد وسیم کی خدمات حاصل کر لی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024