• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

پیٹرول کی قیمت برقرار، حکومت کا ڈیزل سستا کرنے کا اعلان

شائع November 30, 2023 اپ ڈیٹ December 16, 2023
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا— فائل فوٹو: اے پی پی
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا— فائل فوٹو: اے پی پی

نگران وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں کسی قسم کی کمی نہیں کی گئی تاہم ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کی گئی ہے۔

فنانس ڈویژن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان نے آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ کیا جس کا اطلاق یکم دسمبر 2023 سے ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا اور پیٹرول بدستور 281.34 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔

تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اب ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 289.71 روپے ہو گئی ہے۔

مٹی کا تیل 3.82 روپے فی لیٹر کمی کے بعد اب 201.16 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔

نئی قیمتوں کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے اور 4.52 روپے فی لیٹر کمی کے بعد لائٹ ڈیزل آئل 175.93 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔

واضح رہے کہ روپے کی قدر میں اضافے کی بدولت گزشتہ کچھ عرصے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔

اس سے قبل 16 نومبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 4 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔

اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 5 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے کمی کی گئی تھی۔

اس سلسلے میں سب سے بڑی کمی کا اعلان 15 اکتوبر 2023 کو کیا گیا تھا جب حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے کمی کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل یکم اکتوبر کو بھی نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 8 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے کمی کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024