• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹرولنگ سے فرق نہیں پڑتا لیکن جب بیٹی کو گالی دی گئی تو میڈیا سے نفرت ہونے لگی، ساحر لودھی

شائع November 27, 2023
— فوٹو: اسکرین شاٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ

میزبان اور اداکار ساحر لودھی نے سوشل میڈیا ٹرولنگ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں لوگوں کی تنقید سے کبھی کوئی فرق نہیں پڑا لیکن ایک بار کسی نے میری 2 سالہ بیٹی کو گالی دی تھی جس کے بعد مجھے میڈیا سے نفرت ہونے لگی۔

ساحر لودھی مارننگ شوز، رمضان ٹرانسمیشن اور گیم شو کی میزبانی کرنے اور اپنے مخصوص انداز بیان کے حوالے سے مشہور ہیں، انہیں زیادہ تر لوگ ’پاکستان کے شاہ رخ خان‘ کے طور پر بھی جانتے ہیں۔

ماضی میں ساحر لودھی کو ان کی میزبانی اور اداکاری پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، ان کی فلم ’راستہ‘ کے بعد کئی بار لوگوں نے ان پر بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی کاپی کرنے کا بھی الزام لگایا۔

تاہم ساحر لودھی نے کبھی کسی تنقید کا جواب یا ردعمل نہیں دیا۔

انہوں نے کچھ وقت کے لیے اداکاری کے شعبے سے کنارہ کشی اختیار کی ہے، اس دوران انہوں نے ایسٹرو فزکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ ایکسکیوز می میں شرکت کی جہاں انہوں نے سوشل میڈیا ٹرولنگ، عامر لیاقت سے دوستی، شاہ رخ خان سے ملاقات اور دیگر مختلف موضوعات کے حوالے سے گفتگو کی۔

پوڈکاسٹ کے شروع میں انہوں نے بتایا کہ انٹرٹینمنٹ کا انہیں بچپن سے شوق تھا، ’بچپن سے شان کی فلمیں دیکھتا تھا، میرا خیال نہیں کہ میری اور شان کی عمر میں زیادہ فرق ہوگا مگر میں ان کا بہت بڑا مداح تھا، مجھے لگتا ہے کہ اگر پاکستان میں کسی کا غلط استعمال کیا گیا ہے تو وہ شان ہیں، وہ اب تک کے سب سے زیادہ ورسٹائل اداکار ہیں، میں آج بھی ان کی تمام فلمیں دیکھتا ہوں۔‘

ساحر لودھی نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ تین چار سال سے ٹی وی پر کام نہیں کیا لیکن اب وہ دوبارہ ایک نئے شو کے ساتھ واپس آنے والے ہیں، تاہم انہوں نے شو کے حوالے سے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

’عامر لیاقت کا انتقال ہوا تو لگا میں نے اپنا بھائی کھو دیا‘

ساحر لودھی نے نامور ٹی وی شو میزبان اور اسکالر مرحوم عامر لیاقت کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے بہت اچھے دوست تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں ان کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہوں جو دوسرے لوگ نہیں جانتے، جب عامر لیاقت کا انتقال ہوا تو مجھے لگا کہ میں نے ایک بھائی اور دوست کھو دیا ہے، میری ان سے انتقال سے 15 دن پہلے ملاقات ہوئی تھی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ہمیشہ دو لوگوں پر فخر رہا، ڈاکٹر عامر لیاقت اور امجد صابری، وہ سچے دوست تھے، ڈاکٹر عامر لیاقت کو اگر اپنے شو میں بلانا ہوتا تو وہ صرف ایک کال کے فاصلے پر تھے، میں ہر جمعرات کو ان کی قبر پر جاتا ہوں۔‘

ساحرلودھی نے کہا کہ ’ہم نے بہت سے لوگوں کے ساتھ بہت کچھ غلط کیا ہے، ہم اتنے نیک بن جاتے ہیں کہ دوسروں کو پرکھنے لگ جاتے ہیں، میں نے بہت سے لوگوں کو ڈاکٹر عامر لیاقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا ہے، ہمیں کسی کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہیے، ہم سب انسان ہیں، ہم سب غلطیاں کرتے ہیں، میرے ساتھ بھی بہت کچھ ہوا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے ڈاکٹر عامر لیاقت کو لوگوں میں پیسے بانٹتے ہوئے دیکھا ہے۔‘

ساحر لودھی نے اپنی خوبصورتی اور چہرے پر جدید طریقے کے ماسک اور بوٹوکس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں چہرے پر قدرتی چیزیں استعمال کرتا ہوں، شائستہ لودھی مجھے زبردستی لے جاتی ہیں کہ میں اپنے چہرے کا کوئی ٹریٹمنٹ کروا لوں۔‘

سوشل میڈیا ٹرولنگ پر بات کرتے ہوئے ساحر لودھی نے کہا کہ ’میں اور شائستہ ایسی باتوں پر توجہ نہیں دیتے، ہم چار بھائی بہن جب ایک ساتھ بیٹھتے ہیں تو لوگوں کی تنقید پر تبصرہ نہیں کرتے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’کوئی لاکھ بار بُرا بھلا کہہ لے مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ایک بار میری 2 سالہ بیٹی کو کسی نے گالی دی تھی جس کے بعد مجھے میڈیا سے نفرت ہونے لگی۔‘

’راستہ‘ اچھی فلم تھی، اب نئی فلم بنانے جارہا ہوں’

ساحر لودھی نے اپنی فلم ’راستہ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے کسی نے فلم کی کہانی سنائی، مجھے وہ سُن کر اچھی لگی، لیکن جب فلم بنی تو بہت ساری چیزیں خراب ہوگئیں، کہانی کو بہت تبدیل کردیا گیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجموعی طور پر مجھے فلم راستہ کبھی بُری نہیں لگی، لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ فلم کو مزید بہتر ہونا چاہیے تھا۔‘

فلم راستہ میں اپنے کردار کے بارے میں ساحر لودھی نے کہا کہ ’اس کردار کے لیے دیگر اداکاروں کو بھی آفر ہوئی تھی لیکن آدھی فلم کی شوٹنگ ہوچکی تھی اس لیے فلم کی دوبارہ شوٹنگ کرنا مشکل تھا۔‘

ساحر لودھی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ ایک بار پھر نئی فلم بنانے والے ہیں۔

’شاہ رخ خان کے اسٹائل کو کاپی کرنے کی کوشش نہیں کی‘

بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان سے موازنہ کرنے کے سوال پر ساحر لودھی نے کہا کہ اگر آپ کو 18 سالوں میں میرا کام نظر نہیں آیا تو میں آپ کو کبھی نظر نہیں آؤں گا، شاہ رخ خان اور میرا کام بالکل الگ ہے۔

انہوں نے شاہ رخ خان سے ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب میری شاہ رخ خان سے ملاقات ہوئی تو ہم دونوں ایک دوسرے کو دیکھ کر مسکرائے، انہوں نے مجھ سے کہا کہ ’آپ بہت good looking ہیں‘، جس پر میں نے کہا کہ ’آپ بھی ہیں‘، جس پر شاہ رخ نے کہا کہ ’جی بالکل ہم دو ہی تو ہیں۔‘

ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ میں نے شاہ رخ خان سے ان کے والد سے متعلق ایک سوال پوچھا تھا، میں نے ان سے پوچھا کہ ’کیا آپ کو کبھی محسوس ہوا ہے کہ آپ نے ان کی جگہ لے لی ہے اور آپ اپنے والد کی طرح بن گئے ہیں؟ میرے سوال کرنے کے بعد وہ کچھ وقت کے لیے خاموش ہوگئے، وہ سمجھ گئے کہ میں کیا پوچھنا چاہ رہا ہوں، میرے خیال میں ان کا اپنے والد سے بہت گہرا تعلق ہے۔‘

ساحر لودھی نے کہا کہ ’میں نے ان کی ہمیشہ سے بہت قدر کی ہے، وہ بہت بڑے آدمی ہیں، میں نے کبھی محسوس نہیں کیا کہ میں ان سے مماثلت رکھتا ہوں، مجھے نہیں معلوم لوگ ایسا کیوں بولتے ہیں لیکن میں نے ان کے اسٹائل کو کاپی کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی۔‘

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024