• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am

بھارت: سالگرہ پر دبئی نہ لے جانے پر جھگڑا، بیوی نے مُکا مار کر شوہر کو قتل کردیا

شائع November 26, 2023
سالگرہ پر دبئی نہ لے جانے اور مہنگا تحفہ نہ ملنے بیوی ناراض تھی — فائل فوٹو: اے پی
سالگرہ پر دبئی نہ لے جانے اور مہنگا تحفہ نہ ملنے بیوی ناراض تھی — فائل فوٹو: اے پی

بھارت کے شہر پونے میں سالگرہ پر دبئی نہ لے جانے اور مہنگا تحفہ نہ ملنے پر برہم بیوی نے شوہر کو مکا مار کر قتل کردیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہر پونے کے پوش رہائشی علاقے واناودی میں واقع جوڑے کے اپارٹمنٹ میں جمعہ کے روز پیش آیا۔

مقتول نکھل کھنہ ریئل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے کاروبار سے وابستہ تھے اور انہوں نے 38 سالہ رینوکا سے 6 سال قبل محبت کی شادی کی تھی۔

واناودی پولیس اسٹیشن میں تعینات سینئر پولیس افسر کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا اور ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جوڑے کے درمیان جمعہ کو جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ جھگڑا اس بات پر ہوا تھا کہ وہ سالگرہ پر اہلیہ کو دبئی لے کر نہیں گئے اور سالگرہ پر انہیں کوئی مہنگا تحفہ بھی نہیں دیا۔

پولیس افسر کے مطابق رینوکا اس بات پر بھی برہم تھیں کہ وہ کچھ رشتے داروں کی سالگرہ منانے کے لیے دہلی جانا چاہتی تھیں لیکن ان کے شوہر نے اس کی بھی اجازت نہیں دی تھی۔

رپورٹ کے مطابق رینوکا کی سالگرہ 18 ستمبر کو تھی اور وہ اسے منانے کے لیے دبئی جانا چاہتی تھیں لیکن نکھل نے کچھ وجوہات کے سبب یہ خواہش پوری کرنے سے انکار کردیا جبکہ اس جوڑے کی 5 نومبر کو شادی کی سالگرہ کے موقع پر بھی نکھل کی جانب سے دیا گیا تحفہ رینوکا کو پسند نہ آیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ رینوکا آئندہ ماہ دسمبر میں اپنی بھتیجی کی سالگرہ منانے کے لیے دہلی جانا چاہتی تھیں لیکن اس پر بھی نکھل راضی نہ تھے اور انہوں نے دہلی بھیجنے پر آمادگی ظاہر نہ کی تھی جس کے سبب رینوکا کئی دن سے غصے میں تھیں۔

رپورٹ کے مطابق جمعہ کی دوپہر ڈیڑھ بجے دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کر گیا، جھگڑے کے دوران رینوکا آپے سے باہر ہو گئیں اور انہوں نے نکھل کو منہ پر مکا مار دیا، یہ مکا اتنا زور دار تھا کہ نکھل کی ناک سے خون بہنا شروع ہو گیا اور کچھ دانت بھی ٹوٹ گئے۔

ناک سے خون نکلنے کے سبب نکھل بے ہوش ہو گئے اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پولیس نے رینوکا کو حراست میں لے کر تعزیرات ہندوستان کی دفعہ 302 کے تحت ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کو خدشہ ہے کہ رینوکا نے ممکنہ طور پر کسی بھاری چیز سے اپنے شوہر پر وار کیا جبکہ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ جس وقت حملہ کیا گیا، اس وقت وہ حد سے زیادہ نشے میں تھیں اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024