• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 3 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

شائع November 26, 2023
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں — فائل فوٹو: اے پی پی
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں — فائل فوٹو: اے پی پی

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہو گئے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابوظبی کے البطین ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف عبداللہ سلطان بن عواد النعیمی اور پاکستان کے سفارتی حکام نے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا استقبال کیا۔

دفتر خارجہ سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم 26 سے 28 نومبر تک اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، ثقافتی، دفاع اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرے گی۔

بیان میں بتایا گیا کہ اس دورے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز کے منصوبوں، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹک، کان کنی، ایوی ایشن اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں تعاون سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید گہرے ہوئے ہیں۔

بعد ازاں انوار الحق کاکڑ متحدہ عرب امارات میں یکم اور 2 دسمبر کو ہونے والی 28ویں کانفرنس آف پارٹیز (کوپ-28) کے اہم اجلاس میں بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں ایک اجلاس کے دوران نگران وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ وہ کلائمیٹ فنانس (موسمیاتی مالیات) اور دیگر امور پر کوپ-28 کے دوران پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے مکمل تیاریاں کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024