• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

ذکا اشرف کا پنڈی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کے کیمپ کا دورہ، ’پوری قوم کو بابر پر فخر ہے‘

شائع November 25, 2023
ذکا اشرف نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کی روانگی سے قبل کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں سراہا— فوٹو: اسکرین شاٹ
ذکا اشرف نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کی روانگی سے قبل کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں سراہا— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کی روانگی سے قبل راولپندی میں تربیتی سیشن کے دوران کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم کو بابراعظم جیسے بلے باز پر فخر ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ذکا اشرف نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے روانگی سے قبل قومی ٹیم کا کیمپ لگایا گیا ہے۔

قومی ٹیم سے ملاقات کے دوران بورڈ کی کمیٹی کے چیئرمین نے خصوصاً سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو بابر جیسے بلے باز پر فخر ہے۔

ذکا اشرف نے فاسٹ باؤلرز خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہیں حال ہی میں بابر اعظم کی جگہ قومی ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

بھارت میں منعقدہ ون ڈے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی قیادت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

بورڈ کے عبوری سربراہ نے سابق کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کے بعد سینئر کھلاڑی کو دورہ آسٹریلیا کے لیے اسکواڈ میں منتخب کیا گیا۔

سرفراز کی زیر قیادت کراچی وائٹس کی ٹیم نے گزشتہ ماہ لاہور میں کھیلے گئے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں فیصل آباد کو شکست دی تھی۔

انہوں نے کیمپ میں ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود سے بھی گفتگو کی اور ان سے آسٹریلیا سے ہونے والی سیریز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ذکا اشرف نے قومی ٹیم کے نئے ڈائریکٹر محمد حفیظ اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض سے بھی ملاقات کی۔

بورڈ کے سربراہ نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے حوالے سے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بھی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور دورے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے حوالے سے گفتگو کی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری کیمپ میں باؤلنگ کوچز عمر گل اور سعید اجمل بھی کھلاڑیوں کے ساتھ مصروف نظر آئے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری مختصر بیان میں کہا گیا کہ اوپنر امام الحق کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد سرفراز احمد، بابر اعظم اور لیگ اسپنر عثمان قادر کیمپ میں واپس آگئے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ فاسٹ باؤلر حسن علی کے ساتھ ساتھ اسپنر ساجد خان، فاسٹ باؤلر محمد علی، ثمین گل اور علی شفیق نے کیمپ جوائن کر لیا ہے، یہ تینوں دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لیکن انہیں ٹیم کے ہمراہ تربیت کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کا 18 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

شان مسعود ( کپتان )، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024