• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

کراچی: راشد منہاس روڈ پر شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی، 10 افراد جاں بحق

شائع November 25, 2023
عمارت میں کال سینٹرز اور مارکیٹنگ کے دفاتر موجود ہیں جو رات بھر کھلے رہتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
عمارت میں کال سینٹرز اور مارکیٹنگ کے دفاتر موجود ہیں جو رات بھر کھلے رہتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آگ لگنے کے سبب دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے 10 افراد جاں بحق اور 22 افراد زخمی ہوگئے۔

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اب تک 10 افراد کے جاں بحق اور دیگر 22 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

اس سے قبل پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ اب تک 9 لاشیں ہسپتال لائی جا چکی ہیں، ان میں سے 8 لاشیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) اور ایک لاش سول ہسپتال میں لائی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ 18 سال کا ایک زخمی نوجوان سول ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ضلع شرقی الطاف شیخ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق 22 افراد کو ریسکیو کر کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک شخص ہسپتال منتقلی کے دوران ہی انتقال کرگیا۔

ڈی سی نے مزید بتایا کہ چوتھے فلور تک عمارت کلیئر کی جا چکی ہے، پانچویں اور چھٹی منزل کلیئر کر رہے ہیں۔

قبل ازیں، چھیپا ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد اور تشویش ناک حالت میں ریسکیو کیے گئے افراد کو چھیپا ایمبولینسز کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب لگی تھی، فائر بریگیڈ کے 8 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکلز اور واٹر باؤزر نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

عملے نے بتایا کہ ابھی بھی بلڈنگ میں چند افراد پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، جس پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، مکمل سرچ آپریشن ہونے تک پولیس اور ریسکیو عملہ موجود رہے گا۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ اب تک 45 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، 10 افراد کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، مزید لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات پر آپریشن جاری ہے۔

عمارت میں کال سینٹرز اور مارکیٹنگ کے دفاتر موجود ہیں جو رات بھر کھلے رہتے ہیں، تاحال آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کراچی میں شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 6 افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے اور آگ پر مکمل طور پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کوشش کی جائے کہ زیادہ نقصان سے بچا جاسکے، لوگوں کے جان و مال کی ذمہ داری حکومت کی ہے، زخمیوں کو فوری طور طبی امداد فراہم کی جائے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بیان میں کہا کہ راشد منہاس روڈ پر عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے اور کمشنر کراچی سے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمارت میں پھنسے ہوئے افراد کو جلد از جلد ریسکیو کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی کراچی میں منعقدہ ایک سمپوزیم میں سٹی پلانرز، انجینئرز اور بلڈنگ پلانز کے ماہرین نے اس بات پر توجہ دلائی تھی کہ کراچی کے تقریباً 90 فیصد رہائشی، تجارتی اور صنعتی عمارتوں میں آگ سے بچاؤ اور آگ بجھانے کا نظام موجود نہیں ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سمپوزیم میں موجود تمام ماہرین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) جیسے ریگولیٹری اداروں کی مجرمانہ غفلت نے شہر میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ماہرین نے اعداد و شمارکا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں آتشزدگی کے واقعات کی وجہ سے ہر سال 15 ہزار لوگ اپنی جانیں گنواتے ہیں اور ایک کھرب سے زائد کا نقصان ہوتا ہے، یہ حادثات بنیادی طور پر شہری علاقوں میں پیش آتے ہیں جہاں اکثر رہائشی، صنعتی اور تجارتی عمارتیں قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی ہیں۔

قبل ازیں رواں ماہ 13 نومبر کو کراچی کے آئی آئی چندریگر روڈ پر قائم کثیرالمنزلہ عمارت میں آتشزدگی سے ایک خاتون زخمی ہوگئی تھیں۔

ڈان ڈاٹ کام کو کراچی ساؤتھ پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سید اسد رضا نے بتایا تھا کہ آگ بزنس اینڈ فنانس سینٹر کی تیسری منزل پر لگی اور اس کے شعلے چھٹی منزل تک پہنچے، عمارت میں 300 دفاتر ہیں اور وہاں 2 ہزار افراد ملازمت کرتے ہیں جو بحفاظت عمارت سے باہر نکل آئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024