• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am

میری کتاب کا 40 فیصد مواد عمران خان پر مشتمل ہے، اداکارہ حاجرہ خان

شائع November 24, 2023
— اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
— اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اداکارہ حاجرہ خان نے کہا ہے کہ ان کی کتاب ’ویئر دی اوپیم گروز: سروائیونگ ایز اے وومن، این ایکٹریس اینڈ ناؤنگ عمران خان‘ کا 40 فیصد مواد سابق وزیر اعظم سے متعلق ہے۔

حاجرہ خان نے ’ہم ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے اپنے کیریئر اور کتاب سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے مذکورہ کتاب ابتدائی طور پر 2014 میں لکھی تھی لیکن اس وقت وہ کتاب مختصر تھی اور اسے شائع نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت کچھ قانونی مسائل کی وجہ سے انہوں نے بہت سارے مواد کو کتاب کا حصہ نہیں بنایا تھا لیکن اب انہوں مذکورہ کتاب میں مزید معلومات اور مواد شائع کرکے اس کی اشاعت کی ہے۔

حاجرہ خان پانیزئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2014 میں ہی شوبز کو خیرباد کہہ کر برطانیہ کا رخ کرلیا تھا، جہاں انہوں نے اپنی بچت اور والد کی جانب سے دی گئی کچھ رقم سے کتاب اشاعتی ادارے کو دی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پشتون خاندان میں ہوئی، انہوں نے ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کیں لیکن اداکاری کے بعد وہ سندھ کے دارالحکومت کراچی منتقل ہوگئیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ شہرت 2010 اور 2011 کے ڈرامے ’بری عورت‘ سے ملی اور انہوں نے اس سے قبل بھی کچھ ڈرامے کر رکھے تھے۔

حاجرہ خان پانیزئی کے مطابق کچھ ہی عرصے بعد کراچی میں ایک اداکارہ کی سالگرہ کی تقریب پر ان کی ملاقات عمران خان سے ہوئی، جس کے بعد انہوں نے ان سے مسلسل رابطہ کرکے ان کے ساتھ تعلقات استوار کیے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے خاندان میں پہلے ہی عمران خان کو آئیڈیل کے طور پر دیکھا جاتا تھا، ان کی خالائیں اور دیگر گھر کی خواتین کمروں میں عمران خان کے پوسٹرز لگاتی تھیں، جنہیں دیکھ کر وہ بڑی ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود بھی عمران خان کے فلاحی منصوبے کے لیے امداد جمع کرنے کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

حاجرہ خان پانیزئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو منفرد شخص کے طور پر پایا، وہ حقیقی زندگی میں ایسے نہیں ہیں، جیسے وہ ٹی وی، اخبارات یا میڈیا میں دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے اور عمران خان کے درمیان متعدد سال تک کئی ملاقاتیں ہوئیں اور انہوں نے انہیں ایک مشکل شخصیت کے طور پر منفرد پایا، وہ حقیقی زندگی میں بالکل مختلف ہیں۔

حاجرہ خان پانیزئی کا کہنا تھا کہ ان کے دل میں تو عمران خان کے لیے عزت اور احترام کا رشتہ تھا لیکن وہ بالکل منفرد شخص تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی کتاب کا 40 فیصد حصہ عمران خان سے متعلق ہے جب کہ کتاب میں شوبز انڈسٹری میں جاری اقربا پروری، غلط روایات اور یہاں تک ’کاسٹنگ کاؤچ‘ سے متعلق بھی باتیں ہیں، یعنی کام کے بدلے جنسی تعلقات جیسے موضوعات کو بھی انہوں نے چھیڑا ہے۔

حاجرہ خان پانیزئی کا کہنا تھا کہ مذکورہ کتاب ان کے تجربات پر مشتمل ہے، ہر کسی کو حق ہے کہ وہ ان کی باتوں سے اختلاف کرے اور اپنا رد عمل دے۔

حاجرہ خان پانیزئی کے سامنے آنے اور ان کی جانب سے عمران خان کے حوالے سے کتاب میں انکشافات کیے جانے پر سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹرینڈ بھی کرنے لگا اور لوگوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے عمل کو سستی شہرت کا بہانہ قرار دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024