• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

امریکا نے سکھ رہنما کے قتل کی سازش پر بھارت سے وضاحت طلب کرلی

شائع November 24, 2023
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرپتونت سنگھ پانم کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا —فوٹو: بشکریہ ٹربیون انڈیا
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرپتونت سنگھ پانم کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا —فوٹو: بشکریہ ٹربیون انڈیا

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکا اپنی سرزمین پر سکھ رہنما کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ دیکھ رہا ہے اور اس نے اس معاملے کو بھارت کے ساتھ اعلیٰ ترین سطح پر اٹھایا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فنانشل ٹائمز نے بدھ کو رپورٹ کیا تھا کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے گرپتونت سنگھ پانم کے قتل کی اسکیم کو ناکام بنا دیا ہے اور اب امریکا چاہتا ہے کہ بھارت اس معاملے کی تحقیقات کرے اور سازش کرنے والوں کا محاسبہ کرے۔

امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے زور دے کر کہا کہ ہم اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ دیکھ رہے ہیں اور اس معاملے کو امریکی حکومت نے بھارتی حکومت کے ساتھ اعلیٰ ترین سطح پر اٹھایا ہے۔

کسی معاملے کی جاری تحقیقات پر وائٹ ہاؤس کے سینئر عہدیداروں کی جانب سے آن دی ریکارڈ ردعمل بہت کم ہی دیا جاتا ہے جس سے اس مسئلے کی سنگینی کی نشاندہی ہوتی ہے جب کہ تھینکس گیونگ 23 نومبر کی عام تعطیلات کے دوران جب کہ تمام سرکاری اور نجی دفاتر بند ہوتے ہیں تو کسی امریکی عہدیدار کے لیے ایسا بیان دینا اور بھی شاذ و نادر ہوتا ہے۔

ایڈرین واٹسن نے کہا کہ اٹھائے گئے تحفظات کے جواب میں بھارتی ہم منصبوں نے حیرت اور تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی سرگرمیاں ان کی پالیسی کے مطابق نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ بھارتی حکومت اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے بارے میں مزید تفصیلات بتائیں گے، ہم نے اپنی توقع سے آگاہ کردیا ہے کہ اس معاملے میں جو بھی ذمہ دار ہو اس کا احتساب ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکی وفاقی پراسیکیوٹرز نے بھارت کو سفارتی تنبیہ کے علاوہ نیویارک کی ضلعی عدالت میں کم از کم ایک ملزم کے خلاف درخواست دائر کردی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ قتل کے منصوبے میں جن کو ہدف بنایا گیا تھا، ان کی شناخت گرپتونت سنگھ پانم کے نام سے ہوئی تھی۔

گرپتونت سنگھ پانم نے فنانشل ٹائمز کو یہ بتانے سے گریز کیا کہ آیا امریکی حکام نے انہیں قتل کے منصوبے کے حوالے سے خبردار کیا تھا لیکن انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کو اپنی سرزمین میں بھارتی ایجنٹس سے ان کی جان کو لاحق خطرات سے آگاہ کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ دو ماہ قبل کینیڈا نے کہا تھا کہ جون میں وینکوور کے مضافات میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی ایجنٹ ملوث تھا اور اس کے مصدقہ ثبوت ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024