• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

گوری رنگت، سبز آنکھوں، سوشل میڈیا اور جسامت کی وجہ سے بھی مواقع ملے، خاقان شاہنواز

شائع November 23, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ابھرتے ہوئے اداکار خاقان شاہنواز نے اعتراف کیا ہے کہ ان سے کئی گنا بہتر تھیٹر اداکار موجود ہیں لیکن انہیں کام نہیں مل رہا اور انہیں ان کی گوری رنگت، سبز آنکھوں، دراز قد اور چوڑی جسامت سمیت سوشل میڈیا پر فین فالوئنگ کی وجہ سے کام مل رہا ہے۔

خاقان شاہنواز نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی سے متعلق بھی باتیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں ہوئی، انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی وہاں حاصل کیں۔

ان کے مطابق بعد ازاں وہ اے لیول کی تعلیم کے لیے صوبائی دارالحکومت لاہور منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے وکالت کی تعلیم بھی حاصل کی لیکن پھر وکالت کی پریکٹس نہیں کی اور سوشل میڈیا پر مواد تخلیق کرنے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ زمانہ طالب علمی میں مختلف موضوعات پر ہونے والے مباحثوں میں حصہ لیتے تھے، وہاں انہیں شوق ہوا کہ وہ کسی نیوز چینل میں نیوز کاسٹر بنیں گے اور انہوں نے ایک ٹی وی چینل میں دو ماہ تک انٹرن شپ بھی کی۔

اداکار نے بتایا کہ چینل پر انٹرن شپ کرنے کے بعد انہوں نے دوبارہ سوشل میڈیا پر مواد تخلیق کرنا شروع کیا اور انہوں نے وہاں جلد شہرت حاصل کرلی، اسی دوران انہیں اپنے دوست دانیال ظفر نے اپنے گانے میں کام کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کی جسامت، رنگت اور مالی طور پر مستحکم گھرانے کی وجہ سے ہی ان کی دوستی جلد دانیال ظفر سے ہوگئی، حالانکہ ان کا میوزک سے کوئی لینا دینا نہیں۔

اداکار کے مطابق دانیال ظفر کے گانے میں کام کرنے کے بعد انہوں نے گلوکار کو اداکاری کا چانس دلانے کا کہا، جنہوں ںے ہم ٹی وی میں کسی شخص سے بات کرکے ان کا آڈیشن کروادیا اور انہیں ’کالیج گیٹ‘ نامی ڈرامے کے لیے کاسٹ کرلیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے سے قبل انہوں نے دانیال ظفر کے ہمراہ ’بارہواں کھلآڑی‘ نامی اسپورٹس ویب سیریز میں کام کیا تھا، جہاں سے ان کی گہری دوستی ہوگئی۔

خاقان شاہنواز کے مطابق انہیں دیگر اداکاروں کی طرح مشکل حالات اور وقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا، انہوں نے بھوک پر وقت نہیں گزارا، ان کے پاس پیسے تھے کہ وہ اپنے دوست سے ملنے لاہور سے کراچی آئے اور آتے ہی انہیں رہائش کے لیے فلیٹ ملا اور پھر کام کے مواقع بھی ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ انہوں نے محنت کی، سخت کام بھی کیا اور اپنے کام اور ٹیلنٹ سے شوبز میں مقام بھی بنایا لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں ان کی گوری رنگت، سبز آنکھوں، دراز قد اور چوڑی جسامت کی وجہ سے بھی مواقع ملے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں ان کی خوبصورتی اور جسامت کی وجہ سے بھی فوائد ملے اور یہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح کا مسئلہ ہے کہ جو افراد جسمانی طور پر خوبصورت ہوتے ہیں، انہیں جلد اور بہتر مواقع ملنا شروع ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ ایک طرح سے مراعات یافتہ طبقے کے شخص ہیں، جنہیں کام کے لیے بہت بڑی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، دوستیوں، خوبصورتی اور سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کی وجہ سے انہیں مواقع ملتے گئے۔

خاقان شاہنواز نے اعتراف کیا کہ اس وقت بھی ان سے کہیں بہتر بیسویوں اداکار موجود ہیں، جنہیں کام نہیں مل رہا لیکن انہیں سوشل میڈیا پر فین فالوئنگ زیادہ ہونے، گوری رنگت، سبز آنکھوں، دراز قد اور چوڑی جسامت کی وجہ سے بھی کام مل رہا ہے۔

ان کے مطابق ایسا بلکل نہیں ہے کہ انہیں اداکاری اور کام نہیں آتا، اگرچہ وہ اداکاری کے لیے سخت محنت کرتے ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ انہیں دوسری چیزوں کی وجہ سے بھی مواقع مل رہے ہیں۔

خیال رہے کہ خاقان شاہنواز نے ’بارہواں کھلاڑی، کالیج گیٹ، یونہی، حادثہ اور سکون‘ سمیت دیگر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024