سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل شیر افضل خان پی ٹی آئی کے سینئرنائب صدر مقرر
سابق وزیراعظم عمران خان کی قانونی ٹیم کے رکن شیرافضل خان مروت کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سینئر نائب صدر مقرر کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ شیر افضل خان کو سینئر نائب صدر مقرر کردیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کے دستخط ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس تقرری کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
شیرافضل خان مروت نے اپنی نئی ذمہ داری کے حوالے سے کہا کہ اس سے ان کو محنت کرنے کے لیے تقویت ملے گی اور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اعتماد کرنے پر مشکور ہوں۔
اس سے قبل رواں برس کے اوائل میں پی ٹی آئی رہنماؤں قاسم خان سوری، فردوس شمیم نقوی اور سیف اللہ ابڑو کو بھی پارٹی کے سینئرنائب صدور مقرر کردیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ شیرافضل خان مروت ایڈووکیٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نمائندگی کی تھی اور وہ اس وقت عمران خان کے قریب آئے جب ٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور سے ٹرائل کے دوران سخت لہجہ اپنایا اور اس کے بعد انہیں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں شامل کرلیا گیا۔
بعد ازاں اکتوبر میں شیرافضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں الزامات عائد کیے گئے تھے کہ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلایا۔
وکیل کے خلاف مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 120 بی اور 153 اے درج کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں سابق رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کو پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی صدر مقرر کردیا گیا ہے۔
سیمابیہ طاہر نے پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی صدر مقرر کیے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، شبلی فراز اور جنرل سیکریٹری عمر ایوب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، جو ذمہ داری مجھے سونپی ہے میں اللہ کی مدد سے اور تنظیمی رہنماؤں کے تعاون سے احسن طریقے سے سر انجام دینے اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گی‘۔