• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ورلڈ کپ کوالیفائر: برازیل، ارجنٹائن کا میچ ہنگامہ آرائی کی نذر، پولیس کا تماشائیوں پر تشدد

شائع November 22, 2023 اپ ڈیٹ November 23, 2023
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
برازیل کی پولیس کو تماشائیوں پر ڈنڈے برساتے دیکھا جا سکتا ہے — فوٹو: اے ایف پی
برازیل کی پولیس کو تماشائیوں پر ڈنڈے برساتے دیکھا جا سکتا ہے — فوٹو: اے ایف پی

برازیل میں شائقین کی ہلڑ بازی اور پولیس سے ہونے والی جھڑپوں کی وجہ سے متاثر ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں ورلڈ چیمپیئن ارجنٹائن نے میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے دی۔

خبر رساں ایجنسیوں ’رائٹرز‘ اور ’اے ایف پی‘ کے مطابق ریو دی جنیرو کا مراکانہ اسٹیڈیم میچ کے آغاز سے قبل ہی میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا تھا اور برازیلین پولیس نے اسٹیڈیم میں موجود ارجنٹائن کے شائقین پر چڑھائی کرتے ہوئے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس دوران پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب دونوں ٹیموں کے ترانے بجائے جانے کے دوران دونوں گول پوسٹ میں سے ایک کے عقب میں موجود ارجنٹائن اور برازیل کے شائقین آپس میں گتھم گتھا ہو گئے جس کے بعد پولیس نے صرف مہمان تماشائیوں کو نشانہ بناتے ہوئے لاٹھی چارج شروع کردیا۔

اس کارروائی پر ارجنٹائن کے شائقین بپھر گئے اور انہوں نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے کرسیاں اٹھا کر پولیس پر پھینکنا شروع کردیں جبکہ اسی دوران اس ہنگامی آرائی سے پریشان کچھ تماشائیوں نے اس لڑائی سے بچنے کے لیے میدان کی جانب راہ فرار اختیار کی۔

اس موقع پر خون میں لت پت چہرے کے ساتھ شائق میدان میں پہنچ گیا اور اسے اسٹریچر پر ڈال کر میدان سے لے جایا گیا۔

پولیس کے لاٹھی چارج سے زخمی ارجنٹائن فٹبال فین کے سر سے خون نکل رہا ہے— فوٹو: رائٹرز
پولیس کے لاٹھی چارج سے زخمی ارجنٹائن فٹبال فین کے سر سے خون نکل رہا ہے— فوٹو: رائٹرز

کچھ شائقین کو پولیس نے جھگڑے کے سبب الگ کردیا اور یہ معاملہ اس حد تک بڑھ گیا کہ معاملے کو سنبھالنے کے لیے لیونل میسی اور ان کی ٹیم کے ارکان کو اسٹیڈیم کا رخ کرنا پڑا۔

کھلاڑیوں نے شائقین کو پرسکون رہنے کی تلقین کی اور ایک مرحلے پر ارجنٹائن کے گول کیپر ایمی مارٹینیز نے شائقین پر لاٹھی چارج کرنے والے پولیس اہلکاروں کو روکنے کے لیے آہنی دیوار پھاند کر نشستوں میں پہنچنے کی کوشش بھی کی۔

کچھ دیر میں کھلاڑی واپس میدان میں لوٹ آئے لیکن میدان میں پریکٹس کے بجائے وہ واپس لاکر روم میں چلے گئے اور ان کے رویے سے ایسا محسوس ہوا کہ انہوں نے اس بدمزگی کے سبب میچ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

مارٹینیز نے سنگین صورتحال کے پیش نظر خود تماشائیوں میں جا کر مدد کی کوشش کی— فوٹو: اے ایف پی
مارٹینیز نے سنگین صورتحال کے پیش نظر خود تماشائیوں میں جا کر مدد کی کوشش کی— فوٹو: اے ایف پی

اس دوران برازیل کے کھلاڑی میدان میں موجود رہے اور کچھ دیر میں مہمان ٹیم کے کھلاڑی بھی گراؤنڈ میں آگئے۔

میسی نے پولیس پر ارجنٹائن کے شائقین کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ہم دیکھ رہے تھے کہ وہ شائقین کو پیٹ رہے تھے، انہوں نے ڈنڈوں سے ان پر تشدد کیا، وہاں پر لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے لاکر روم میں گئے تھے، یہ سب کچھ ایک سانحے کی شکل بھی اختیار کر سکتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیملیز اور وہاں موجود لوگوں کے بارے میں سوچا جو نہیں جان پا رہے تھے کہ آخر ہو کیا رہا ہے اور ہمیں میچ سے زیادہ ان کی فکر تھی، میچ اس وقت ہمارے لیے ایک ثانوی چیز تھی۔

اس ہنگامے کے سبب میچ کا آغاز تاخیر کا شکار ہوا اور شام ساڑھے سات بجے شیڈول میچ 25 منٹ تاخیر کے بعد شروع ہوا۔

پولیس اور شائقین کے درمیان جھڑپ کا ایک منظر— فوٹو: اے ایف پی
پولیس اور شائقین کے درمیان جھڑپ کا ایک منظر— فوٹو: اے ایف پی

اسٹیڈیم میں ہونے والے حادثے کے سبب بالخصوص میچ کا پہلا ہاف تناؤ سے بھرپور رہا اور دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کے بجائے فاؤل پر فاؤل کرتی رہیں۔

میچ کے پہلے ہی منٹ میں میسی نے فاؤل کردیا اور 14ویں منٹ میں برازیل کے ونگر رافنہا نے مہمان فٹبالر ڈی پال کے چہرے پر کہنی مار دی جس پر انہیں میچ کا پہلا پیلا کارڈ دکھایا گیا۔

میچ کی ابتدا میں ہی کارڈ ملنے کے باوجود رافنہا فاؤل کرنے سے پیچھے نہ ہٹے اور پانچ منٹ بعد ہی ارجنٹائن کے ایلکسز میک ایلسٹر کے خلاف فاؤل کردیا لیکن اس مرتبہ وہ خوش قسمت رہے کہ ریفری نے انہیں کارڈ نہیں دکھایا ورنہ انہیں بقیہ میچ باہر بیٹھ کر دیکھنا پڑتا۔

اسٹیڈیم میں خراب صورتحال کے پیش نظر میسی ٹیم کو واپس ڈریسنگ روم میں لے گئے تھے— فوٹو: اے ایف پی
اسٹیڈیم میں خراب صورتحال کے پیش نظر میسی ٹیم کو واپس ڈریسنگ روم میں لے گئے تھے— فوٹو: اے ایف پی

میچ کے پہلے 15 منٹ کے دوران برازیل نے 7 فاؤل کیے اور انہیں دو پیلے کارڈ دکھائے گئے جبکہ اس دوران ارجنٹائن نے محض دو فاؤل کیے۔

میچ کے ابتدائی 38 منٹ تک برازیل نے ایک بھی شاٹ گول کی جانب مارنے کی کوشش تک نہ کی اور میچ کے پہلے ہاف میں گول کی جانب واحد شاٹ 44ویں منٹ میں برازیل کے گیبریئل مارٹینیلی نے مارا جسے مہمان گول کیپر نے ناکام بنا دیا۔

برازیل نے دوسرے ہاف کا آغاز مثبت انداز میں کیا اور میچ کے 24ویں منٹ میں رافنہا کے گول کی جانب مارے گئے شاٹ کو مارٹینیز نے روک لیا۔

اس کے بعد بھی برازیل کی جانب سے گول کی کوششیں جاری رہیں لیکن وہ کارگر ثابت نہ ہو سکیں۔

میزبان ٹیم کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب میچ کے 63ویں منٹ میں 35 سالہ اوٹامینڈی نے گیند کو گول میں پہنچا کر میچ کا واحد گول کر کے اسٹیڈیم میں موجود برازیلین شائقین پر سکتہ طاری کردیا۔

اس دوران مراکانہ اسٹیڈیم میں موجود برازیلین کھلاڑیوں اور شائقین کو ایک اور صدمہ جھیلنا پڑا اور میدان میں محض 12 منٹ قبل آنے والے متبادل کھلاڑی جوئلینٹن کو 72ویں منٹ میں ڈی پال کے ساتھ خطرناک فاؤل کرنے پر ریڈ کارڈ دکھا کر باہر بھیج دیا گیا اور برازیل کو بقیہ میچ کے لیے صرف 10 کھلاڑیوں پر اکتفا کرنا پڑا۔

ارجنٹائن کے فٹبالر اوٹامینڈی نے ہیڈر پر میچ کا واحد گول اسکور کیا — فوٹو: رائٹرز
ارجنٹائن کے فٹبالر اوٹامینڈی نے ہیڈر پر میچ کا واحد گول اسکور کیا — فوٹو: رائٹرز

جب ریفری نے سیٹی بجا کر میچ کے اختتام کا اعلان کیا تو اسکور بورڈ پر موجود 0-1 کا ہندسہ ارجنٹائن کی فتح اور برازیل کی کوالیفائر مقابلوں میں لگاتار تیسری شکست کا اعلان کر رہا تھا۔

یہ ورلڈ کپ کوالیفائر مقابلوں میں برازیل کی ہوم گراؤنڈ پر تاریخ کی پہلی شکست ہے۔

اس وقت ارجنٹائن 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ برازیل کی ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ 2026 میں ہونے والے 48 ملکوں پر مشتمل پہلے ورلڈ کپ میں اس خطے کی چھ بہترین ٹیمیں عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024