• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

شان مسعود کی قیادت میں دورہ آسٹریلیا کیلئے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

شائع November 20, 2023
شان مسعود کی قیادت میں ٹیم آسٹریلیا میں 3 ٹیسٹ میچ کھیلے گی — فوٹو: پی سی بی
شان مسعود کی قیادت میں ٹیم آسٹریلیا میں 3 ٹیسٹ میچ کھیلے گی — فوٹو: پی سی بی

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل دورہ آسٹریلیا کے لیے شان مسعود کی قیادت میں 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں صائم ایوب اور فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کو شامل کیا گیا ہے۔

صائم ایوب نے قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈبل سنچری سمیت 3 سنچریوں کی مدد سے 553 رنز بنائے تھے۔

نوجوان بلے باز 22 سالہ صائم ایوب نے پاکستان کپ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور ایک روزہ ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز قرار پائے تھے۔

قومی ٹیم دورہ آسٹریلیا میں 14 دسمبر سے 7 جنوری کے دوران 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی اور 34 سالہ شان مسعود پہلی بار پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے، جنہیں بابراعظم کی جگہ ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے 23 سالہ فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کو بھی پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے رواں برس قائداعظم ٹرافی میں 20.31 کی اوسط سے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کی تھی اور ایک روزہ ٹورنامنٹ ’پاکستان کپ‘ میں بھی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کیں۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے آل راؤنڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، انہوں نے آخری مرتبہ دورہ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے محمد وسیم جونیئر اور میر حمزہ کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، دونوں باؤلرز نے گزشتہ برس دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی نمائندگی کی تھی۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

شان مسعود ( کپتان )، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی

چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے کہا کہ آسٹریلیا کی چیلنجنگ کنڈیشنز مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی گئی ہے اور فاسٹ باؤلرز زیادہ رکھے گئے ہیں تاکہ تین ٹیسٹ میچوں میں کامبینیشن تیار کرنے میں آسانی رہے۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شان دار کارکردگی پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ دونوں میں متاثرکن کارکردگی دکھائی۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا آغاز رواں برس سری لنکا میں جیت کے ساتھ کیا تھا اور امید ہے کہ ٹیم آسٹریلیا میں بھی یہی رجحان برقرار رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ سلیکشن میں وہ تمام ضروری وسائل شامل کیے جائیں، جن سے آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ 22 نومبر کو تربیتی کیمپ کے لیے راولپنڈی میں جمع ہوگا جہاں 23 سے 28 نومبر تک پنڈی اسٹیڈیم میں کیمپ میں جاری رہے گا، جس کے بعد 30 نومبر کو قومی اسکواڈ لاہور سےآسٹریلیا روانہ ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق تربیتی کیمپ کے لیے ارشد اقبال، کاشف علی، شاداب خان، شاہنواز دھانی، محمد نواز، عثمان قادر اور اسامہ میر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کا شیڈول:

پہلا ٹیسٹ: 14 سے 18 دسمبر، پرتھ

دوسرا ٹیسٹ: 26 سے 30 دسمبر، میلبرن

تیسرا ٹیسٹ: 3 سے 7 جنوری، سڈنی

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024